راولپنڈی(نمائندہ جنگ)سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد پنجاب حکومت نے دیگر اضلاع کی طرح راولپنڈی کی میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور میٹرو پولیٹن کونسل کی لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013کے تحت بحالی کی منظوری دیدی ہے اس ضمن میں لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، سیکرٹری پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ ڈاکٹر نورالعین فاطمہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے تحت اب میٹرو پولیٹن کارپوریشن راولپنڈی کو دوبارہ میونسپل کارپوریشن راولپنڈی، ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹی کی حیثیت میں 2013کے بلدیاتی ایکٹ کے تحت پرانی حیثیت میں بحالی کے بعد پہلے سے تعینات ان اداروں کے سربراہان و افسران کو اضافی چارج دے دیئے گئے ہیں، میٹرو پولیٹن کارپوریشن راولپنڈی میں گریڈ19 کے چیف کارپوریشن افسر (سی سی او) علی عباس بخاری کو اب میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کے چیف افسر (سی او) اور گریڈ18 کے ڈپٹی میٹرو پولیٹن افسر (ڈی ایم او) کو ڈپٹی چیف افسر (ڈی سی او) کا چارج دیا گیا ہے ،اسی طرح ضلعی سطح پر میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے کونسل افسر (سی او) کو اب ضلع کونسل کا چیف افسر (سی او) اور ڈپٹی میٹرو پولیٹن افسر کو ڈسٹرکٹ افسر (ڈی او) کا چارج دیا گیا ہے جبکہ میونسپل کارپوریشن مری سمیت باقی تحصیلوں کی سطح پر میونسپل کمیٹیوں کے سربراہان کو بھی چیف افسر کا چارج دیا گیا ہے، افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پرنئی ذمہ داریاں سنبھال کر رپورٹ کریں۔