اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ خواتین مغربی اور سیکولر منصوبے کیخلاف بھرپور مہم چلائیں،حکومت کو شریعت سے متصادم پاس کردہ بل واپس لینا ہوں گے، حکومت نے سوا تین سال میں ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا۔ تین وزرائے خزانہ لگائے سب فیل ہوگئے۔ ایک ایسے شخص کو سٹیٹ بینک کا گورنر بنایا جو روپے کی قدر میں کمی کو باعث رحمت قرار دے رہا ہے۔ سودی معیشت سے جان چھڑائے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، ہمارے خاندانی نظام کو تباہ کرنے کے مغربی اور سیکولر منصوبے کے خلاف خواتین بھرپور مہم چلائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں خواتین یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بعدازاں امیرجماعت نے جماعت اسلامی کے کارکنان سے بھی خطاب کیا اور انہیں بھرپور محنت جاری رکھنے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں سے رابطے کرکے جماعت اسلامی کا پیغام پہنچانے کی ہدایات دیں۔