حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں سے 27 اکتوبر کو یومِ سیاہ منانے کی اپیل کی ہے۔
جاری کیئے گئے بیان میں ان کا کہنا ہے کہ 27 اکتوبر وہ دن ہے جب بھارت نے طاقت اور دھوکا دہی سے ہماری سر زمین پر قبضہ کیا۔
میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ بھارت اب تک نہتے کشمیریوں کو ظالمانہ ہتھکنڈوں سے دبا رہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بین الاقوامی برادری اور اقوامِ متحدہ بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔
واضح رہے کہ حریت فورم نے 27 اکتوبر کو مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال اور بلیک آؤٹ کی اپیل کی ہے۔
حریت فورم کا کہنا ہے کہ 27 اکتوبر کو مکمل ہڑتال اور بلیک آؤٹ سے دنیا کو کشمیریوں کا واضح پیغام دیں گے کہ کشمیری اپنی سر زمین پر بھارت کے جبری قبضے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوری خاتمہ چاہتے ہیں۔