• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیخوپورہ، مخالفین نے ممبر پنجاب بار کونسل رائے نواز کھرل کو قتل کردیا

شیخوپورہ،لاہور (نمائندہ جنگ،نامہ نگار ) مخالفین نے ممبر پنجاب بار کونسل رائے نواز کھرل کو قتل کردیا،پنجاب بار کونسل کا آج مکمل ہڑتال کا اعلان ،مقدمہ درج ،ایک ملزم پستول سمیت گرفتار کرلیا گیا۔

گذشتہ روز ممبر پنجاب بار کونسل رائے محمد نواز کھرل اپنے گھر جارہے تھے کہ مخالفین نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال لے جانے کی کوشش کی گئی مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔

ڈی پی او شیخوپورہ احسن سیف اللہ کی خصوصی ہدایت پر ڈی ایس پی صدر نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جبکہ تھانہ بھکھی پولیس نے لاش قبضہ میں لے کر ضروری کارروائی شروع کرتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ پولیس نے ایک ملزم عارف کو پستول سمیت گرفتار بھی کیا ہے جو مقتول کے ان رشتہ داروں میں شامل بتایاگیا ہے جن سے مقتول کے پراپرٹی کے مقدمات چل رہے تھے۔

پنجاب بار کونسل نے ممبر پنجاب بار کونسل رائے نواز کھرل کے قتل کی پر زور مذمت کرتے ہوئے آج پیر کو مکمل ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔سابق سنئیر نائب صدر لاہور بار رانا محمد نعیم نےرائے نواز کھرل کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

 وائس چیئرمین اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل نے رائے نواز کھرل ایڈوکیٹ کے قتل کے واقعہ کے خلاف صوبہ بھر کی عدالتوں کے بائیکاٹ کی کال دی گئی ہے۔

بار عہدیداران نے کہا ہے کہ ممبر پنجاب بار کونسل رائے نواز کے قتل کے واقعہ کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، قتل کے واقعہ کے خلاف کل صوبہ بھر کے وکلاء عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے۔پنجاب بار کونسل نے قتل میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتارکرکے قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ان کی قریبی رشتہ داروں میں دشمنی چل رہی تھی ،ان کے بھانجے قتل ہونے پر ان کے برادرنسبتی کو کچھ روز قبل ٹرائل کورٹ سے سزا ہوئی تھی۔ رائے نواز کھرل ایڈوکیٹ کے لاہور سے شیخوپورہ جانے پر ان کے برادر نسبتی نے دیگر قریبی رشتہ دار مخالفین سے ملکر انہیں پرانی دشمنی پر قتل کردیا۔

تازہ ترین