سندھ ہائی کورٹ نے نیب ترامیم کے بعد 50 کروڑ سے کم مالیت کے مقدمات منتقل یا سزا ختم کرنے سے متعلق 27 اپیلیں مسترد کر دیں۔
قائم مقام چیف جسٹس اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے اپیلوں کی سماعت کی۔
جسٹس اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیے کہ زیرِ التوا اپیلوں کی منتقلی کا طریقہ کار اور مجاز فورم واضح نہیں، اپیلوں کا فیصلہ میرٹ پر مکمل عدالتی جائزے کے بعد ہی کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپیلیں محض انتظامی طور پر ایک فورم سے دوسرے فورم منتقل نہیں کی جاسکتیں، اپیلیٹ کورٹ کو سزا برقرار رکھنے، تبدیل کرنے، ملزم کو بری یا ڈسچارج کرنے اور دوبارہ ٹرائل کے حکم کا اختیارحاصل ہے۔
جسٹس اقبال کلہوڑو نے ریمارکس میں کہا کہ نیب قانون کے تحت پہلے سے جاری حتمی فیصلے برقرار رہیں گے۔