پرتگال نے پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کی حمایت کا اعلان کردیا۔ دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزے کی شرط ختم کرنے کا بھی معاہدہ ہوا۔
پرتگالی وزیر خارجہ نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی، صدر زرداری نے مشترکہ ورکنگ گروپ برائے تجارت و سرمایہ کاری کے قیام کی تجویز دی۔
پرتگالی وزیر خارجہ نے جلد اپنے ملک کے وزیر زراعت کے دورہ پاکستان سے آگاہ کیا۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے پرتگالی وزیر خارجہ سے ملاقات میں جی ایس پی پلس سہولت کے تحت پاکستان کی حمایت جاری رکھنے پر شکریہ ادا کیا، تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، آئی ٹی، ٹیکسٹائل، سیاحت، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو کی۔
اس سے پہلے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں پرتگالی وزیر خارجہ نے قیام امن، سفارتکاری اور بات چیت میں پاکستان کے بہترین کردار کو سراہا۔