• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ازمنۂ قدیم ہی سے جِلد چمک دار اور خُوب صُورت بنانے کے لیے مختلف ٹوٹکے، کریمز اور لوشنز وغیرہ استعمال کیے جارہے ہیں، جو وقتی طور پر فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں،لیکن اگرروزمرّہ کی خوراک میں جِلد کو تقویت پہنچانے والے اجزاء شامل ہوں، تو جِلد تا دیر شاداب اور تروتازہ رہتی ہے۔ بڑھتی عُمر کے اثرات بھی کافی تاخیر سے ظاہر ہوتے ہیں۔ 

موجودہ دَور میں کئی عوامل ایسے ہیں، جو جِلد پر مضر اثرات مرتّب کررہے ہیں۔ مثلاً آلودگی، کھانے پینے کی اشیاء میں کیمیکلز کا استعمال، ذہنی دباؤ اور ڈیپریشن وغیرہ، لہٰذا جِلد کی بھرپور حفاظت کے ساتھ متوازن غذا کا استعمال بھی ناگزیر ہے۔وہ اجزاء جن کے استعمال سے جِلد، خصوصاً چہرے کی خُوب صُورتی و دِل کشی میں اضافہ ممکن ہے، درج ذیل ہیں۔

٭وٹامن اے:اینٹی آکسیڈنٹ ہے، جس کا استعمال بڑھاپے کا عمل سُست کر کے، جِلد کی نمی برقرار رکھتا ہے، جب کہ جِلدی سرطان کے امکانات بھی کم کردیتا ہے۔ یہ وٹامن رنگ دار سبزیوں اور پھلوں مثلاً سُرخ شملہ مرچ، گاجر، شکر قندی، آم، گوشت، کلیجی اور ٹونا مچھلی میں پایا جاتا ہے۔ جن کریمز اور لوشنزمیں یہ وٹامن شامل کیاجاتا ہے، ان کے استعمال سے جِلد کی سلوٹیں، داغ دھبّے اور کیل مہاسے ختم ہو جاتے ہیں اور جِلد میں لچک برقرار رہتی ہے۔ وٹامن اے دراصل ایلسٹن اور کولیجین پیدا کرتا ہے، جن کا ایک کام جِلد کو بے داغ بنانا بھی ہے۔

٭وٹامن بی تھری:اسے طبّی اصطلاح میں Niacinamide کہا جاتا ہے۔یہ بھی اینٹی آکسیڈنٹ خاصیت کا حامل ہے۔اس وٹامن کا استعمال جِلد کے مسام کُھلنے نہیں دیتا ہے اور یادداشت بڑھاتا ہے۔علاوہ ازیں، آرتھرائٹس کے مرض میں ورم کم کرتا ہے اور فالج کے حملے سے بھی بچاتا ہے۔ یہ وٹامن مرغی کے سینے کے گوشت، کلیجی، ٹونا مچھلی، مَش رومز، مونگ پھلی، سورج مکھی کے بیج، مٹر اور ناشپاتی میں پایا جاتا ہے۔

٭وٹامن بی فائیو:یہ Pantothenic Acidکہلاتا ہے، جس کا استعمال جِلدکی نمی برقرار رکھتا ہے۔اس وٹامن کا مآخذ مَش رومز، سُرخ گوشت، مرغی کے سینے کا گوشت، انڈے اور فیل مرغ کا(ایک بڑا مرغ، جو امریکا میں پایا جاتا ہے۔اس کی چونچ پر ہاتھی کی سی سونڈ ہوتی ہے،اسےElephant Bird کہا جاتا ہے)گوشت ہے۔

٭وٹامن سی :غذائیت کا پاور ہاؤس ہے،جو جسم میں کولجین کی مقدار متوازن رکھتا ہے، عملِ تکسید، سرطان اور چہرے کے داغ دھبّوں سے بچاتا ہے، جب کہ قوّتِ مدافعت بھی بڑھاتا ہے۔ وٹامن سی اسٹرابیری، نارنجی، کینو، مالٹے، لیموں، شملہ مرچ، بند گوبھی، پھول گوبھی اور سبز پتّوں والی سبزیوں میں وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔

٭وٹامن ای: الٹرا وائلٹ شعائیں جذب کرنے کی خاصیّت رکھتا ہے۔اگر اسے وٹامن کے ساتھ استعمال کیاجائے تو بڑھاپے کا عمل سُست کردیتا ہے، جب کہ یہ ایک بہترین موسچرائزر بھی ہے۔یہ وٹامن بادام، ناشپاتی، شکرقندی اور پالک میں زائد مقدار پایا جاتا ہے۔

٭وٹامن کے: خون کی نالیاں صحت مند رکھتا ہے اور آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقے معدوم کردیتا ہے۔یہ پالک، ہرے پتّوں والی سبزیوں اور کیوی فروٹ میں وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔

٭اومیگا تھری فیٹی ایسڈ: اسے Docosahexaenoic acid بھی کہا جاتا ہے۔یہ اینٹی آکسیڈنٹ ہے۔ مچھلی کے تیل میں زیادہ پایا جاتا ہے۔اس کا استعمال داغ دھبّے نہیں بننے دیتا اور الٹراوائلٹ شعاؤں کے مضر اثرات کم کردیتا ہے۔

٭سوہانجنا :اس کے پتّے غذائیت سے بَھرپور ہیں۔ سوہانجنا میں وٹامن اے، سی، وٹامن ای، کیلشیم، فولاد، پوٹاشیم اور پروٹین وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں، اسی لیے اسے ’’سُپر فوڈ‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔

٭سبز چائے/گرین ٹی:اس میںpolyphenols پائے جاتے ہیں، جو جِلد پر مرتّب ہونے والے دھوپ کے مضر اثرات رفع کرتے ہیں، جب کہ کیل مہاسوں کی شدّت میں کمی لاتے ہیں۔ بعض افراد میں تو کیل مہاسے ایسے غائب ہوجاتے ہی کہ جیسے کبھی نمودار ہی نہ ہوئے ہوں۔جو افراد سبز چائے کا استعمال کرتے ہیں، ان کی جِلد نرم و ملائم اور لچک دار ہوجاتی ہے۔

اس کے علاوہ جدید تحقیق کے نتیجے میں ہلدی کے قریباً 800 فوائد سامنے آئے ہیں۔ مثلاً کھانوں میں ہلدی کا استعمال سرطان سے تحفّظ فراہم کرتا ہے، تو یاسیت کے مرض میں بھی کمی واقع ہوتی ہے۔ ہلدی متعدّد اجزا کا ایک مرکب ہے، جن میں سے ایک جزcurcumin بھی ہے، جسے ڈیپریشن ختم کرنے والی ادویہ میں شامل کیا جاتا ہے۔ہلدی بھی اینٹی آکسیڈنٹ ہے۔ یادداشت تیز کرتی ہے، نیز، جوڑوں کا درد اور جگر کے امراض لاحق ہونے کے امکانات کم کرتی ہے۔ (مضمون نگار، ڈائو یونی ورسٹی اور بقائی میڈیکل یونی ورسٹی، کراچی سے بطور اسسٹنٹ پروفیسر وابستہ رہ چُکے ہیں)

تازہ ترین