اسلام آباد( رپورٹ:رانا مسعود حسین) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات تین روز بعد ہونگے، جن میں صدر کے عہدہ کیلئے عاصمہ جہانگیر گروپ کے حمایت یافتہ امیدوار، احسن بھون ایڈووکیٹ اور پی پی پی کے حمایت یافتہ امید وار، سردار لطیف خان کھوسہ ایڈووکیٹ کے مابین کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے، اس مرتبہ صدر کی نشست پر تین امید واروں نے انتخابی مہم چلائی تھی تاہم حامد خان گروپ کے امید وارحافظ عبد الرحمان انصاری ، سردار لطیف کھوسہ کے حق میں بیٹھ گئے ہیں ، حامد خان گروپ کے حمایتوں میں وفاقی وزیر قانون وانصاف،بیرسٹر فروخ نسیم اور ایسٹس ریکوری یونٹ کے سربراہ ،بیرسٹر شہزاد اکبر شامل تھے، انہوں نے انتخابی مہم کے آخری دنوں میں لاہور میں وکلا ء کا کنونشن بھی منعقد کیا تھا جس کے بارے میں کہاجاتا ہے کہ اس میں زیادہ تر لاء افسران نے شرکت کی تھی،توقع ہے کہ اس گروپ کے ووٹ بھی سردار لطیف کھوسہ کے حصے میں آئیں گے، دوسری جانب عاصمہ جہانگیر گروپ کے صدارتی امیدوار احسن بھون ایڈوکیٹ کو پاکستان بار کونسل کے بیشتر وکلا ء کے علاوہ پی ٹی آئی ،مسلم لیگ (ن)اور جے یو آئی کے اہم وکلاء کی حمایت حاصل ہے جن میں بابر اعوان ، سینٹر بیرسٹر علی ظفر ،سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، سینیٹر کامران مرتضی ، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے موجودہ صدر لطیف آفریدی اور مسعود چشتی وغیرہ شامل ہیں ، احسن بھون لاہور ہائیکورٹ کے سابق جج ہیں اور ان کی کوئی سیاسی وابستگی نہیں ہے جبکہ سردار لطیف کھوسہ سابق گورنر پنجاب اور پیپلزپارٹی کی سینٹر ایگزیکٹو کے رکن ہیں ،جمعرات28اکتوبر کو منعقد ہونیوالے انتخابات میں ملک بھر سے تقریبا3151ووٹرز حق رائے دہی استعمام کرینگے ،اس حوالے سے اسلام آباد سمیت ،کراچی،حیدر آباد ،سکھر،کوئٹہ،ڈیرہ اسماعیل خان، پشاور،ایبٹ آباد،اسلام آباد،لاہور، ملتان، بہاولپور میں12پولنگ سٹیشن قائم کئے جارہے ہیں، جہاں قریبی شہروں کے رہائشی وکلاء ووٹ کاسٹ کرسکیں گے ،چوہدری افراسیاب خان ایڈووکیٹ ،چیئرمین الیکشن بورڈ/ریٹرننگ افسر کے فرائض سرانجام دینگے،یہ بھی یاد رہے کہ نائب صدر(بلوچستان)کی نشست پر محمد قاسم خان اور عمر فاروق مندوخیل، نائب صدر(خیبرپختونخوا)کی نشست پر محمد اجمل خان اور سلیم اللہ خان رانا زئی، نائب صدر(پنجاب)کی نشست پر چوہدری امتیاز احمد کمبوہ،چوہدری محمد ابرہیم،خاور اکرام بھٹی اور زید سبطین اختر بخاری جبکہ نائب صدر (سندھ)کی نشست پر جاوید احمد راجپوت اور محمد عزیز خان امیدوار ہیں، جنرل سیکرٹری کی نشست پر محمد اکبر والانہ،مقتدر اختر شبیر اور وسیم ممتاز ملک،ایڈیشنل سیکرٹری کی نشست پر چوہدری ریاست علی گوندل اور ملک شکیل الرحمن خان مد مقابل ہوں گے،فنانس سیکرٹری کی نشست پر علی احمد خان رانا،ریاض حسین اعظم بوپیرہ اور شہناز اختر کے مابین مقابلہ ہوگا، یا درہے کہ نئے عہدیداروںکا انتخاب ایک سال کیلئے کیا جاتا ہے ۔