• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویکسینیشن کے مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں، اسد عمر

وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسینیشن کے مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں، کیسز کی شرح انتہائی کم ریکارڈ کی گئی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں سربراہ این سی او سی اسد عمر نے کہا کہ انتہائی نگہداشت وارڈ میں کورونا مریضوں کی تعداد بھی انتہائی کم ہے، کورونا سے روزانہ اموات میں بھی کمی آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسینیشن مہم جاری رہنی چاہیے، عالمی سطح پر گزشتہ روز کورونا سے 7 ہزار 500 اموات ہوئی ہیں۔

دوسری جانب معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ملک میں اہل آبادی کی کورونا ویکسینیشن 25 فیصد ہوچکی ہے، روزانہ 7 ساڑھے 7 لاکھ افراد کی ویکسینیشن کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 516 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 13 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 717 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 1 اعشاریہ 34 فیصد پر آ گئی۔

پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 28 ہزار 405 مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 70 ہزار 322 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 23 ہزار 982 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 1 ہزار 487 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 12 لاکھ 17 ہزار 935 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 38 ہزار 430 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 2 کروڑ 6 لاکھ 10 ہزار 681 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 7 لاکھ 28 ہزار 492 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، اب تک کُل 10 کروڑ 14 لاکھ 70 ہزار 254 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں جبکہ 3 کروڑ 89 لاکھ 77 ہزار 366 افراد کی مکمل ویکسینیشن ہو چکی ہے۔

تازہ ترین