اسلام آباد(نمائندہ جنگ )سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات آج (جمعرات کو ) ہوں گےجس میں لطیف کھوسہ اور احسن بھون میں مقابلہ ہوگا، مجموعی طور پر 13پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے جس میں تقریباً 3151ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات آج ہوں گے،تاہم چیئرمین الیکشن بورڈ/ریٹرننگ افسر ،چوہدری افراسیاب خان ایڈوکیٹ نےʼʼ تحریک لبیک پاکستانʼʼ کے ممکنہ احتجاج و دھرنا اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فیض آباد سمیت اہم راستوں کی بندش کی بناء پر راولپنڈی ،اسلام آباد کے ووٹر وکلاء کی سہولت کیلئے سپریم کورٹ کی عمارت کی بجائے اسلام آباد ہائیکورٹ اور لاہور ہائی کورٹ ( راولپنڈی بنچ) کی عمارتوں میں بار ایسوسی ایشنوں میں دو الگ الگ پولنگ سٹیشن قائم کردیئےہیں،ان انتخابات میں ملک بھر سے تقریبا3151 ووٹرز حق را ئے دہی استعمام کرینگے۔
اس حوالے سے اسلام آباد،راولپنڈی سمیت ،کراچی،حیدر آباد ،سکھر،کوئٹہ،ڈیرہ اسماعیل خان،پشاور،ایبٹ آباد،اسلام آباد،لاہور،ملتان،بہاولپور میں مجموعی طور پر13 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔