اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے 8 ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن کے نیب ریفرنس میں احتساب عدالت کو آصف علی زرداری پر فرد جرم عائد کرنے سے روک دیا ہے۔ عدالت عالیہ نے فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی پر 4 نومبر تک حکم امتناع جاری کیا ہے۔ بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویژن بنچ نے سابق صدر آصف علی زرداری کی درخواست کی سماعت کی جس میں احتساب عدالت کی جانب سے آٹھ ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن کے نیب ریفرنس سے بریت کی درخواست مسترد کرنے کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا۔