پشاور(نامہ نگار)کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن خیبر پختونخوا فوڈ اتھارٹی پشاور نے شہر کے مختلف علاقوں میں ملاوٹ شدہ دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کرکے کئی دکانداروں پر بھاری جرمانے عائد کئے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن خیبر پختونخوا فوڈ اتھارٹی پشاور ڈویژن ذیشان محسود نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ضلع پشاور کے علاقوں، حسن گڑھی، یونیورسٹی روڈ اور حیات آباد کی مختلف مارکیٹوں میں لیکٹوسکیں اور یوواس کٹ کی مدد سے دودھ کے نمونوں کا معائنہ کیا۔ دودھ میں پانی کی ملاوٹ پر کئی دکانداروں پر بھاری جرمانے عائد کیے۔ اس کے علاوہ اسسٹنٹ ڈائریکٹرز ٹائون فور نے مختلف اشیائے خورد و نوش کا معائنے کیا او ر اس میں بہتری لانے کےلئے دکانداروں کو نوٹس جاری کیے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹائون تھری سائرہ نثار نے بیکریوں میں کام کرنے والے ملازمین کے لیے فوڈ سیفٹی لیول ون ٹریننگ کا انعقاد کیا۔ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے کارروائیوں میں مزید اضافہ کرنے کا عزم کیا تاکہ عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔