موجودہ دورِ حکومت میں چینی کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، ملک کے بیشتر علاقوں میں 1 کلو چینی کی قیمت 120 روپے تک ہو گئی۔
شہری سرکاری ریٹیل قیمت سے 30 روپے 25 پیسے فی کلو تک مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہیں۔
ادارۂ شماریات کی جانب سے مختلف شہروں میں چینی کی قیمت فروخت کی تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں۔
سرکار کی مقرر کردہ چینی کی ریٹیل قیمت 89 روپے 75 پیسے ہے جو اوپن مارکیٹ میں 120 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔
ادارۂ شماریات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں چینی 90 سے 120 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔
کراچی، کوئٹہ، خضدار، حیدر آباد، سکھر، لاڑکانہ اور گوجرانولہ میں بھی چینی کی قیمت 120 روپے فی کلو تک ہو گئی ہے۔
پشاور اور بنوں میں چینی کی قیمت 118 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔
فیصل آباد میں چینی 115 اور اسلام آباد میں 110 روپے فی کلوتک فروخت کی جا رہی ہے۔
لاہور، سیالکوٹ اور راولپنڈی میں چینی 90 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔
ملتان، بہاولپور اور سرگودھا میں چینی کا ریٹ 90 روپے فی کلو تک ہے۔
ادارۂ شماریات نے بتایا ہے کہ گزشتہ 1 ہفتے کے دوران آٹے، چکن، گھی، ٹماٹر، آلو سمیت 25 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
ٹماٹر کی قیمت میں 10 روپے 71 پیسے فی کلو اور آلو کی قیمت میں 3 روپے 29 پیسے فی کلو تک اضافہ ہوا ہے۔
انڈے 5 روپے 38 پیسے فی درجن مہنگے ہو گئے ہیں۔
گزشتہ 1 ہفتے کے دوران دال ماش، دال مسور، دال چنا اور مٹن بھی مہنگا ہوا ہے۔
ادارۂ شماریات نے یہ بھی بتایا ہے کہ 1 ہفتے میں بجلی کے 1 یونٹ کی قیمت میں 19 پیسے اضافہ ہوا ہے، جبکہ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 90 روپے 31 پیسے مہنگا ہوا ہے۔