وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ جو وزراء کہہ رہے ہیں وزیراعظم کو معاہدے کا علم نہیں تھا وہ جھوٹ بول رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان سے علماء و مشائخ کی ملاقات کے بعد نور الحق قادری نے وفد کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے حل کے لیے 12 رکنی کمیٹی بنادی ہے، علماء نے صورتحال کے حل کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے مزید کہا کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے ساتھ معاہدوں کا وزیراعظم عمران خان کو علم تھا۔
اُن کا کہنا تھا کہ جو وزراء یہ کہہ رہے ہیں کہ وزیراعظم کو ٹی ایل پی سے معاہدے کا علم نہیں تھا وہ جھوٹ بول رہے ہیں۔
نور الحق قادری نے یہ بھی کہا کہ میری کیا مجال ہے کہ میں وزیراعظم کو بتائے بغیر کوئی معاہدہ کروں۔
انہوں نے کہا کہ 12 رکنی کمیٹی کالعدم تنظیم کے رہنماؤں اور حکومت سے رابطے رکھے گی۔
اس موقع پر صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ حکومت نے ٹی ایل پی کے مارچ پر تشدد نہ کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے، مختلف مقامات پر مذاکرات چل رہے ہیں۔