شیخوپورہ (نمائندہ جنگ سے ) ضلع بھر میں اینٹی فو ڈ ایڈلٹریشن ٹیموں کی کارروائی ، 1 لاکھ 6 ہزارروپے کے جرمانے ، دکانیں سیل کرکے مقدمات درج کر لئے گئے ۔ گزشتہ روز اے سی سٹی نے شہر کے مختلف علاقوں میں نائب تحصیلدار عاظم خان،اینٹامالوجسٹ فقیر حسین اورٹی ایس آئی شاھدخان اور دیگر پر مشتمل ٹیم کے ہمراہ معائنے کر کے صفائی کے ناقص انتظام،اور چارجنگ، غیر معیاری اور مضحر صحت اشیاء کا کاروبار کرنے پر ایک ہوٹل ، واٹر فلٹریشن پلانٹ اور سوڈا واٹرشاپ سیل کر کے11000 روپے جرمانہ اور 3 مقدمات درج کروائے جس پر دو افراد کو حراست میں لے لیاگیا۔اے سی صفدرآباد نے کاروائی کرتے ہوئے 2 دوکانیں سیل کر دیں اور خلاف ورزی پر 22000 روپے کے جرمانے کئے۔اے سی مریدکے کی زیرنگرانی محکمہ ہیلتھ نے کاروائی کرتے ہوئے 28 فوڈ سیمپل اکٹھے کئے اور کنزیومر ایکٹ کے تحت ٹوٹل 30000 روپے جرمانہ کیاگیا۔اسی طرح اینٹی ایڈلٹریشن کیمپین میں شامل اے سی شرقپور نے کاروائی کرتے ہوئے ایک بیکری اور دو ریسٹورنٹ سیل کرنے کے ساتھ 27 مختلف فوڈ سیمپل ٹیسٹ کے لئے بھجوا دیئے کُل 9 دوکانوں کو ناقص اور غیر معیاری اشیاء خوردنی کی فروخت پر اور انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کے جرم پر 43000 روپے کے جرمانے کئے ۔ اینٹی فوڈ ایڈلٹریشن کی مہم ڈی سی او کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھی میں چلائی جا رہی ہے ۔