• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان تجربہ کار کھلاڑی محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ انہیں فخر ہے کہ وہ آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2021 میں پاکستان ٹیم کا حصہ ہیں، جس مورال کے ساتھ ٹیم کھیل رہی ہے امید ہے پاکستان ٹیم فاتح بن کر لوٹے گی۔

اپنے پیغام میں قومی ٹیم کے بیٹنگ آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ سے پہلے ہمارے متعلق ایک الگ رائے تھی جس کو ہم سب نے مل کر تبدیل کیا۔

انہوں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس لگن کے ساتھ کرکٹ کھیل رہے ہیں وہ ہمیں کامیابی دلائے گی۔

ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں پاکستان ٹیم کی کامیابی کے سفر کے حوالے سے محمد حفیظ نے بتایا کہ ورلڈکپ کے دوران جو بھی چیلنج آیا اس کو اپنا ہدف بنایا اور پھر کامیابی حاصل کی۔

محمد حفیظ نے کہا کہ بھارت کے خلاف کامیابی ان کے کیریئر کی بہترین کامیابیوں میں سے ایک ہے۔

پاکستان اور بھارت کے میچ کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک بھارت میچ کے اثرات ٹیم کے سامنے آتے ہیں، بھارت کے خلاف جیت سے ٹیم کا مورال ہائی ہوا پھر اسی بلند حوصلے کے ساتھ نیوزی لینڈ کے خلاف میدان میں اترے تو مجھے محسوس ہوا کہ کھلاڑیوں میں جیت کا جذبہ بہت زیادہ ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ دو بڑے میچز میں کامیابی کے بعد کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوئے جو مزید کامیابیوں کا سبب بنے، جس مورال کے ساتھ ٹیم کھیل رہی ہے امید ہے پاکستان ٹیم فاتح بن کر لوٹے گی۔

تازہ ترین