لاہور (نمائندہ جنگ /نیوز ایجنسیز) مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کا ریلیف پیکیج مسترد کرتے ہوئے کہاکہ ریکارڈ مہنگائی پر وزیراعظم استعفیٰ دیں،ریلیف اور پی ٹی آئی 2 متضاد چیزیںہیں۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ مہنگائی عالمی مسئلہ نہیں بلکہ حکومت کی نااہلی اور بدانتظامی کا نتیجہ ہے،وزیراعظم کا خطاب قوم کو بے وقوف بنانے کے مترادف ہے،مریم اورنگزیب نے کہا کہ چینی کی قیمتوں میں اضافے سے صرف عمران خان کی اے ٹی ایمز ، کارٹلز اور مافیا کو فائدہ پہنچ رہا ، عمران خان کے فیصلوں کی وجہ سے چینی مہنگی ہورہی ہے۔
عظمی بخاری نے کہا کہ ظل تباہی نے ریلیف نہیں فراڈ پیکج دیا،اعلان کے بعد سب سے پہلے گھی کی قیمت میں 19روپے اضافہ ہوا،چینی کا فی کلو ریٹ 134روپے سے 140روپے کلو تک پہنچ گیا ،فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان کا ریلیف پیکیج بھی جادو کی طرح جناتی ہے جو نظر نہیں آئے گا۔
شہباز شریف،حکومت کے وعدوں اور بجٹ کی طرح ان کے نام نہاد ریلیف پیکج بھی جھوٹ کا پلندہ ہیں، کیا بجٹ دیتے ہوئے نہیں کہا گیا تھا کہ یہ ٹیکس فری بجٹ ہے؟ اب قوم سے خطاب پر اعتراف کیا جارہا ہے کہ پٹرول مہنگا ہوگا، جب پٹرول مزید مہنگا ہوگا، بجلی گیس کی قیمت بڑھے گی تو مہنگائی کیسے نہیں ہوگی؟
اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ جس حکومت کے بجٹ اعدادوشمار ناقابل اعتبار ہوں، اس کی کسی بات کو سنجیدہ سمجھنا خود فریبی کے سوا کچھ نہیں، ملک قرض کے بوجھ میں دب چکا ہے، آئی ایم ایف کی شرائط نے قوم کا بھرکس نکال دیا ہے، نام نہاد ریلیف پیکیج کے اعلان کے وقت ہی یوٹلیٹی سٹور پر گھی اور خوردنی تیل 65 روپے لیٹر مہنگا ہونے کا اعلان ہورہا تھا ، ہول سیل مارکیٹ میں چینی 130 روپے کلو سے تجاوز کرچکی ہے۔
ملک میں چینی کا ذخیرہ 15 روز کا رہ گیا ہے اور ٹی وی پر خطاب کا شوق پورا کیاجارہا ہے، مہنگائی کا تاریخی ریکارڈ قائم کرنے کے بعد خطاب کی نہیں ، ناکامی کے اعتراف کے ساتھ استعفی دینے کی ضرورت ہے، مہنگائی کو عالمی مسئلہ قرار دے کر عمران نیازی حکومت اپنی نااہلی، نالائقی ، غلط فیصلوں اور کرپشن چھپا نہیں سکتی۔
جماعت اسلامی کے نائب امیرلیاقت بلوچ نے علمائے کرام کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ 120 ارب روپے کے ریلیف کے اعلان کی کوئی اہمیت نہیں، کرپٹ مہنگائی مافیا عوام کی جیبوں سے روزانہ 120 ارب روپے چوری کرتا ہے، پٹرول، گیس، بجلی کی قیمتوں اور ٹیکسوں کے نرخوں میں مسلسل اضافے کے باوجود عوام کو کوئی ریلیف نہیں مل سکتا،عمران خان کی حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے۔
مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ عوام کو لوٹ کر عمران خان اپنے اے ٹی ایمز، کارٹلز اور مافیاز کی جیبیں بھر رہے ہیں، مافیاز پر پلنے والی حکومت عوام کو صرف تکلیف دے سکتی ہے،عمران خان کے ہر خطاب اور فیصلے کے نتیجے میں قوم کو آنسو ملے، گزشتہ روز عمران خان کا خطاب ختم ہوا اور ساتھ ہی عوام پر چینی کا بم گرا دیا گیا۔
گھی اور خوردنی تیل سب کچھ مزید مہنگا ہوگیا، انہوں نے یہ ریلیف پیکیج دیا کہ چینی 145 اور 150 روپے کلو پر پہنچ گئی، حکومت کے جھوٹ کی طرح ملک میں مہنگائی بھی بڑھتی جارہی ہے، عمران خان قوم کی جان چھوڑیں، مہنگائی سے عوام کا گلا نہ گھونٹیں۔
مسلم لیگ (ن)کی ترجمان پنجاب عظمی بخاری نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ظل تباہی کے اعلان کے بعد سب سے پہلے گھی کی قیمت میں 19روپے اضافہ ہوا،چینی کا فی کلو ریٹ 134روپے سے 140روپے تک کلو پہنچ گیا ہے،اکبری منڈی میں چینی تھوک ریٹ پر 134روپے اور عام مارکیٹ میں 140روپے کلو فروخت ہورہی ہے،پشاور،کراچی،کوئٹہ اور گوجرنوالہ میں بھی چینی 135روپے کلو فروخت ہورہی ہے۔
عمران خان کو اپنا نام تبدیل کرکے مسٹر فراڈیا رکھ لینا چاہیے،ایک فراڈیہ پنجاب میں بیٹھا دوسرا فراڈیہ وفاق میں بیٹھ کر عوام کے جیبوں پر ڈاکے مار رہا ہے،عمران خان عوام کے نہیں اپنے دوستوں کے پیارے بن کر رہ گئے ۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر بخاری نے پارٹی عہدیداران کے وفود سے گفتگو میں کہا ہے وزیراعظم سرکاری رہائشگاہ کے کچن سے باہر نکلیں پتہ چلے گا اشیاء ضروریہ عوام الناس کی دسترس میں ہیں کہ نہیں۔
مضحکہ خیر بات ہے کہ وزیراعظم نےخطاب میں لوگوں کی مشکلات کم کرنے کی بجائے پٹرول مزید مہنگا ہونے کا اعلان کردیا،رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا پیپلزپارٹی کیخلاف کبھی کفر کے فتوے اور غداری کی تہمت کی جگہ کرپشن کے الزامات نے لی۔
بجلی اور گیس اس لیئے مہنگی ہے کیونکہ پاک ایران گیس پائپ لائن ختم کی گئی۔مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نےکہا ہے کہ عمران خان کا ریلیف پیکیج بھی جادو کی طرح جناتی ہے جو نظر نہیں آئے گا، نالائق حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک نہ لانا عوام پر ظلم ہوگا۔
پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہامہنگائی کی وجہ سے لوگوں کے چولھے پہلے ہی ٹھنڈے پڑ گئے ہیں،ان سردیوں میں لوگوں کے پاس اب گیس بھی میسر نہیں ہوگی،وزیر اعظم نے ریلیف کا نہیں بلکہ پیٹرول اور گیس بحران کا اعلان کیا ،چینی سبسڈی کی طرح ریلیف پیکج بھی مافیا کھا جائیگا ۔