لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ 28 نومبر کو ڈی چوک اسلام آباد میں احتجاجی مارچ کریں گے۔وزیر اعظم کا عوام کے لیے ریلیف نہیں تکلیف پیکج ہے۔ حکومت سبسڈی ختم کرے اور بڑھائی گئی قیمتیں واپس لے۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان خاموش این آر او ہو چکا ہے۔ پیپلزپارٹی،مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی میں کوئی فرق نہیں ہے۔ان تینوں میں فرق کرنے والا غیر سیاسی معصوم ہے ۔ وزیر اعظم کی تقریر عوام کو ایک اور لالی پاپ ہے۔ پی ٹی آئی نے تبدیلی کا نعرہ لگایا، لیکن تبدیلی کو رسوا کیا۔ نیب کے پر کاٹ دیے گئے ہیں۔ چینی، گھی، پیٹرول اور اشیائے ضروریہ مہنگی ہونے کے باعث حلال کمانے والا تکلیف میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ضلع فیصل آباد کے دورے کے موقع پر مجاہد ہسپتال مدینہ ٹاؤن اور جڑانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری، محبوب الزماں بٹ، ڈاکٹر سعید احمد، رانا وحید، یحییٰ بختیار اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔