• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس نے صحت کو ترجیح دی، بلاول بھٹو

لاڑکانہ( بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت سندھ میں عالمی معیار کے اسپتال قائم کرنا چاہتی ہے اور اس مقصد کے لئے لاڑکانہ میں ڈاکٹر ادیب رضوی کی نگرانی میں سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولاجی اینڈ ٹرانسپلانٹ ( ایس آئی یو ٹی) قائم کیا گیا ہے، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس نے صحت کو ترجیح دی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاڑکانہ میں ایس آئی یو ٹی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ ہندو دھرم شالہ میں دیوالی کے جشن میں شرکت کی اور ہندو برادری کے افراد کو مبارک باد دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں ایسے ادارے ہیں لیکن ہم ڈاکٹر ادیب رضوی کے شکر گزار ہیں جن کی وجہ سے ایسے ادارے بنے۔این آئی سی وی ڈی کی طرز پر ضلعی سطح پر ایسے اسپتال کھولنا چاہتے ہیں ، یہ فخر کی بات ہے کہ گردے کے علاج کے لیے لوگ سندھ آتے ہیں۔ سندھ میں ہارٹ اور کڈنی لیور ٹرانسپلانٹ کی سہولت میسر ہے۔ بعد ازاں بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ کے دھرم شالہ مندر میں ہندو برادری کی دیوالی کی تقریب میں شرکت کی۔بلاول بھٹو زرداری کی دھرم شالہ آمد پر ہندو برادری کے نمائندہ افراد اور رکن قومی اسمبلی رمیش لال نے ان کا استقبال کیا اور دیگر لوگوں نے گلپاشی کی۔ بعد میں بلاول زرداری نے ہندو برادری کو دیوالی کے تہوار کی مبارکباد دی اور ان کے ساتھ گھل مل گئے۔ بلاول بھٹو زرداری نے دیوالی کی مناسبت سے پھلجھڑی بھی بچوں کے ساتھ جلائی جبکہ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سندھ اور ہندو پنچائت کی سابق صدر کلپنا دیوی نے انہیں اوم اور لکشمی دیوی کا مخصوص تحفہ دیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی اقلیتوں کے حقوق کا خاص خیال رکھتی ہے اور اسی وجہ سے وہ ان کے خوشیوں بھرے تہوار میں شریک ہوئے ہیں۔ ہندو برادری کی جانب سے بلاول اور ان کے ساتھ آئے ہوئے مہمانوں کو دیوالی کی مٹھائی بھی پیش کی۔ بلاول تقریب کے اختتام پر مندر کے اندرونی حصے میں بھی گئے اور خصوصی عبادت بھی دیکھی۔ اس موقع پر انکے ہمراہ صوبائی وزرا ناصر شاہ، سردار شاہ، ڈاکٹر عذرا پیچوہو اور دیگر پارٹی قائدین بھی تھے۔

تازہ ترین