وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سائبر کرائم ونگ لاہور نے کارروائی کرتے ہوئے گھروں میں کام کرنے والی خواتین کے ذریعے بلیک میل کرنے والا گینگ گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کے مطابق گینگ کی خواتین گھر کے مالک کے ساتھ غیراخلاقی ویڈیوز بناتیں اور پھر انہیں بلیک میل کرتیں اور پھر یہ ویڈیوز اپنے سرغنہ کو بھجوا دیتیں۔
ایف آئی اے سائبر کرائم کے مطابق جوہر ٹاؤن کے رہائشی ایک شخص چوہدری سردار احمد نے ایف آئی اے کو درخواست دی تھی، جس میں اپنے خلاف ایک جعلی ویڈیو کے حوالے سے بتایا گیا تھا۔
گروہ کا سرغنہ ان ویڈیوز کے ذریعے متعلقہ شخص کو بلیک میل کرتا اور ان سے رقوم اینٹھتا تھا۔
ایف آئی اے سائبر کرائم نے 3 ملزموں نعیم، عامر سہیل اور رؤف کو گرفتار کرلیا، ملزمان 6 سال سے یہ کام کر رہے تھے لیکن کوئی ان کے خلاف کارروائی نہیں کرتا تھا، جبکہ ملزمان کئی افراد سے لاکھوں روپے بٹور چکے ہیں۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان بعض لوگوں سے پلاٹ کا بھی مطالبہ کرچکے ہیں، ملزمان ایک شخص سے 20 لاکھ روپے لیتے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے متعدد غیر اخلاقی ویڈیوز بھی برآمد کی گئی تھیں، ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔