راولپنڈی(خصوصی نمائندہ) پاکستان میڈیکل کمیشن نے راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کو این ایل ای امتحانات کیلئے بہترین یونیورسٹی قرار دیدیا ۔ پی ایم سی امتحانات کے دو حصے تھے جس کا پہلا حصہ پاکستانی ڈاکٹروں جبکہ دوسرا بیرون ملک سے ڈاکٹری کا امتحان پاس کرنے والوں کے لئے تھا جس کیلئے پاکستان کی سات یونیورسٹیوں کا انتخاب کیا گیا تھا۔ پی ایم سی نے امتحان منعقد کرنے کے لئے اسٹینڈرڈ طریقہ کار طے کیا تھا جس کو یونیورسٹیوں کے شعبہ امتحانات نےیقینی بنانا تھا۔راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے شعبہ امتحانات کے سربراہ پروفیسر رائے اصغر اور ان کی ٹیم نے انتہائی محنت کے ساتھ یہ امتحان منعقد کیا۔ پی ایم سی انتظامیہ نے اس طریقہ کار کو بہترین قرار دیا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں اس امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کرنیوالے ڈاکٹر حمزہ کا تعلقRMU سے ہے اور وہ پروفیسر نادر کے بیٹے ہیں جوRMU میں پروفیسر ہیں۔ پی ایم سی نے اسلام آباد میں ایک تقریب منعقد کی جس میں ایڈوائزر صحت ڈا کٹر فیصل سلطان اور وزیر تعلیم شفقت محمود نے وائس چانسلر راولپنڈی مڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عمرکو تعریفی سند اور سپیشل ایوارڈ دیا۔ ڈاکٹر حمزہ کو گولڈ میڈل اور تعریفی سند دی گئی ۔