کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کےپروگرام ’’نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ حکومت کو پٹرولیم لیوی میں کچھ نہ کچھ اضافہ کرنا پڑے گا،تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ڈسکہ الیکشن میں دھاندلی کی رپورٹ کا باضابطہ جواب حکومت پنجاب دے گی،مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں ڈیڈ لاک نہیں ہے، ایک دو معاملات پر آئی ایم ایف کے ساتھ مثبت گفتگو جاری ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹیٹ بینک کی اٹانومی کا معاملہ زیربحث ہے، امید ہے چند دنوں میں معاملہ حل ہوجائے گا، اسٹیٹ بینک کی اٹانومی سے متعلق پچھلے معاہدے پر ہمارے کچھ اعتراضات ہیں۔ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ حکومت کو پٹرولیم لیوی میں کچھ نہ کچھ اضافہ کرنا پڑے گا، پٹرولیم لیوی کب اور کتنی بڑھائی جائے گی اس کا انحصا ر پٹرول کی قیمتوں پر ہوگا، ریونیو سائڈ پر کوئی ایشو نہیں ہے ، ٹیکس نیٹ میں اضافہ کررہے ہیں ، عالمی سطح پر اشیائے خورد و نوش کے علاوہ اسٹیل، کوئلہ اور پام آئل کی قیمتیں بھی بڑھی ہیں۔