کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ میں شوگر ملز آصف علی زرداری کی نہیں بلکہ پی ٹی آئی اور ان کے حلیف جماعتوں کے دوستوں کی ہیں۔ عمران نیازی اور ان کے نالائق اور نااہل وزراء چینی، گندم یہاں تک کے گیس کے بحران کے ذمہ دار سندھ حکومت کو ٹھہرانے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں لیکن ان نالائقوں اور نااہلوں کو حقائق کا کچھ علم نہیں ہے، سندھ کی چینی سندھ کے ساتھ بلوچستان کی ضرورت پوری کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں گنے کی کرشنگ شروع ہونے والی ہے، سندھ کی چینی سندھ کے ساتھ بلوچستان کی ضرورت پوری کرتی ہے۔ پیپلز پارٹی ایک سیاسی جماعت ہے وہ کسی کا دم چھلہ نہیں بن سکتی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کوسندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔