لاہور(سپیشل رپورٹر) سابق صدر مملکت اور پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف علی زرداری این اے 133کے ضمنی انتخابات کی خود نگرانی کرنے لگے، قریبی ساتھی بھی انتخابی مہم میں حصہ لینے لاہور پہنچ گئے ہیں۔ پارٹی رہنمائوں سے ان کا براہ راست رابطہ ہے، آصف زرداری کے قریبی ساتھی اور سندھ اسمبلی کے متعدد ارکان بھی انتخابی مہم چلانے کے لئے لاہور پہنچ گئے ہیں جبکہ سابق وزیر اعظم اور پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے اپنے حلقے اور قومی اسمبلی کی سیاست سے لاتعلقی اختیار کر کے خود کو ضمنی الیکشن کے لئے وقف کر دیا ہے، آصف علی زرداری کے نوابشاہ میں قومی اسمبلی کے حلقے کے نیچے سندھ اسمبلی کے رکن طارق آرائیں اپنے ساتھیوں سمیت لاہور موجود ہیں اور این اے 133میں پیپلزپارٹی کے فلیکس، جھنڈے، بینر اور دیگر پبلسٹی میٹریل تیار کرانے میں مصروف ہیں، حلقے میں پیپلزپارٹی کے انتخابی دفاتر بھی کھولے جا رہے ہیں جس کے لئے دفتر کے کرائے، کارکنوں کے کھانے سمیت دیگر انتظامات بھی پارٹی قیادت کررہی ہے، آصف زرداری کی دلچسپی کی وجہ سے پارٹی کارکن فعال اور قیادت متحرک ہو گئی ہے۔