• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: واش روم میں کیمرے، بچے اور والدین پریشان


کراچی کے علاقے صفورہ گوٹھ اسکیم 33 کے ایک نجی اسکول میں خواتین اساتذہ اور طالبات کے زیرِ استعمال واش رومز میں نصب خفیہ کیمروں کا معاملہ سامنے آنے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے اسکول سیل کردیا گیا جس کے سبب وہاں زیر تعلیم بچے اور ان کے والدین پریشان ہوگئے ہیں۔

صفورہ گوٹھ میں نجی اسکول سیل ہونے سے والدین اور بچے پریشان ہیں، والدین کا کہنا ہے کہ اگر کیمرے لگے تھے تو نکال کر اسکول کو بند نہیں کرنا چاہیے تھا۔

اسکول میں زیر تعلیم بچوں کا اسکول کے بند ہوجانے پر کہنا ہے کہ ہمیں اسکول کے بغیر مزہ نہیں آرہا۔

واضح رہے کہ اسکول انتظامیہ نے کیمروں کی موجودگی سے متعلق اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسکول میں کوئی چیز خفیہ نہیں، سب کچھ ریکارڈ پر ہے، کیمرے ٹوائلٹس میں نہیں واش بیسن والے ایریا میں لگے ہوئے تھے۔

انتظامیہ نے مزید کہا کہ بچے، اساتذہ اور پورا اسٹاف ہی واش بیسن کے قریب لگے کیمروں سے آگاہ ہے۔

اسکول انتظامیہ کے مطابق کیمرے آج سے نہیں گزشتہ 15 سال سے لگے ہوئے ہیں، جن کا مقصد بہتر مانیٹرنگ ہے۔

انتظامیہ نے کہا کہ کیمروں کا بتانے والی خاتون ٹیچر سے اسکول حکام نے بچوں کو گھر پر ٹیوشن کے لیے بلانے پر سرزنش کی تھی۔

دوسر ی جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمۂ تعلیم سندھ نے اسکول میں کیمروں سے متعلق مزید کارروائی کے لیے پیر کو اجلاس طلب کیا ہے۔

محکمہ تعلیم کے حکام کے مطابق ویجی لینس ٹیم خفیہ کیمروں سے متعلق رپورٹ پہلے ہی ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ میں جمع کراچکی ہے اور اسکول انتظامیہ کو شوکاز نوٹس جاری کیا جاچکا ہے۔

تازہ ترین