ہم دفتر سے گھر پہنچے تو پڑوسن اپنے بیٹے، فرحان کے ساتھ مٹھائی لے کر آئی ہوئی تھیں۔ پوچھنے پر پتا چلا کہ بچّے نے میٹرک پاس کرلیا ہے، وہ بھی 99فی صد نمبرز کے ساتھ۔ ہمیں خوشی سے زیادہ حیرانی ہوئی کہ فرحان ماضی میں ہمارا شاگرد رہا ہےاور ہم اس کی ’’ قابلیت وذہانت‘‘ سے بخوبی واقف ہیں۔ خیر، بچّے نے بلا مبالغہ99 فی صد نمبرز ہی حاصل کیے تھے۔ سو، ہم نے بھی دل کھول کر مبارک باد دیتے ہوئے کہہ دیا کہ ’’تمہارا گفٹ ادھاررہا۔جلد دینے آئیں گے۔‘‘
پھر ہم اگلے ہی روز مع تحفہ فرحان کے گھر موجود تھے، جہاں ڈرائننگ رُوم میں اس کی چھوٹی بہن ،اریبہ جو اب میٹرک کی طالبہ ہے، فزکس کا ہوم ورک کر رہی تھی۔ ہمیں دیکھتے ہی اُس کے چہرے پر خوشی کی لہر سی آگئی،جھٹ بولی ’’شُکر ہے آپی! آپ آگئیں،مَیں کب سے پریشان بیٹھی تھی۔ پلیز!فزکس کا ایک نومیریکل حل کرنے میں مدد کردیں۔ کب سے سر کھپا رہی ہوں سمجھ نہیں آرہا، کیسے کروں۔‘‘ اتنے میں فرحان کمرے میں داخل ہوا، تو ہم نے کہا ’’تم نے بھائی سے مدد کیوں نہیں لی، ویسے بھی اس کے فزکس میں پورے مارکس آئے ہیں ، اس کے لیے تو یہ سوال حل کرنا بائیں ہاتھ کا کھیل ہوگا۔‘‘
جس پر اریبہ جھٹ بولی ’’فرحان بھائی کو تو رہنے ہی دیں۔ پتا نہیں، یہ پاس بھی کیسے ہوگئے، مجھے تو حیرانی ہی ہوتی ہے۔ انہیں کچھ نہیں آتا، پچھلے ہفتے مَیں نے میتھس کا ایک سوال حل کرنے کے لیےکہا تو یہ اس قدر حیرانی سے میرا منہ تکنے لگے ،جیسے مَیں فارسی بول رہی ہوں۔‘‘ ویسے اُمید تو ہمیں بھی فرحان سے کچھ ایسی ہی تھی، لیکن اپنی تسلّی کے لیے فرحان سے فزکس کا وہ سوال حل کرنے کو کہا ، تو وہ آئیں بائیں شائیں کرنے لگا۔
خیر، ہم توفرحان کوگفٹ دے کر کچھ دیر میں گھر لَوٹ آئے، مگر ساری رات ایک بات ذہن میں گردش کرتی رہی کہ میٹرک میں 99فی صد نمبرز حاصل کرنے والا یہ فرحان اکیلا تو نہیں کہ ہمارے ارد گرد کئی ’’فرحان‘‘ گھوم رہے ہیں، جو مستقبل کے معمار ہیں۔ لیکن ذرا سوچیے، کیا کبھی اس قدر کم زور بنیاد پر کوئی عمارت زیادہ دن کھڑی رہ پائی ہے، خراب بیج سے کوئی پودا پُھوٹ پایا ہےیا کیڑا لگی فصل کسی کام آسکتی ہے؟ یقیناً ان تمام سوالات کا جواب نفی میں ہے۔ تو یہی حالات تو ہمارے مُلک و ملّت کے بھی ہیں، جن سے ہم نے دانستہ چشم پوشی اختیارکر رکھی ہے۔ ایک تو پہلے ہی لا تعداد بچّے اسکول جاتے ہیں، نہ تعلیم و تربیت حاصل کر پاتے ہیں، رہی سہی کسر کورونا نے پوری کر دی کہ ’’آن لائن تعلیم‘‘ پھر ’’آن لائن امتحان‘‘ اور اب ’’بوگس امتحانی نتائج‘‘۔
اس سال پورے پاکستان میں امتحانات اور نتائج کے نام پر جو ڈرامااور بعد ازاں نمبرز کی بندر بانٹ ہوئی ہے، وہ کسی سے ڈھکی چُھپی بات نہیں۔ یقین کریں، یہ وقت امتحانی نتائج پر میمز شیئر کرنے یا مذاق اُڑانے کا نہیں، ماتم کرنے کا ہے کہ ہمارا نظامِ تعلیم اور اس کے تحت پروان چڑھنے والی نسل جس بُری طرح متاثر ہو رہی ہے، اس کی بھرپائی آنے والے کئی برسوں میں بھی ممکن نہیں ۔
ہمارے زمانے میں صرف یہی رونا تھا کہ فرسٹ، سیکنڈ، تھرڈ پوزیشنز کی خریدو فروخت ہوتی ہے، لیکن اب تو حالات اس قدر ابتر ہو چُکے ہیں کہ کُند ذہن، نالائق، نہ پڑھنے والا بچّہ بھی پورے پورے نمبرز لے رہا ہے، گویا کورونائی ایّام میں لیے جانے والے امتحانات کا کوئی قاعدہ، معیار ہی مقرّر نہیں کیا گیا۔
مانا کہ دنیا بھر میں اس برس کہیں صرف مخصوص مضامین کے امتحانات لیے گئے، ٹیچرز اسیسڈ گریڈز دئیے گئے، زبانی امتحان لیا گیا، اسائمنٹس کی بنیاد پر گریڈنگ ہوئی، تو کہیں پچھلی تین چار جماعتوں کے اوسط نتائج دیکھ کر گریڈنگ کی گئی۔ لیکن، یہ بات ہم سب ہی جانتے ہیں کہ دنیا بھر میں ہونےوالےاسسمینٹس اور گریڈنگز میں اور ہمارے ہاں کی جانے والی گریڈنگز میں کس قدر فرق ہے۔
چلیں، ایک پَل کو مان بھی لیا کہ کورنا وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر صرف اختیاری مضامین کےامتحانات ہی لینا مناسب سمجھا گیا، تو یہ اصول کس نے وضع کیا کہ جن مضامین کے امتحانات ہی نہیں ہوئے، ان کے نمبرز بھی مجموعی نمبرز میں شامل کر دئیے جائیں، وہ بھی پورے پورے… ذرا سوچیں کہ کیا واقعی ہم اس مُلک کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنا چاہتے ہیں یا جہلا کی ایک فوج تیار کر رہے ہیں؟ پب جی، فیفا، مائنڈ کرافٹ، کال آف ڈیوٹی وغیرہ وغیرہ کھیلنے والی اس نسل سے کوئی ایک سوال یا معقول بات کرلو، تو ہونّقوں کی طرح منہ تکنے لگتی ہے۔ اچھا ہی ہے کہ قائدِ اعظم یا بانیانِ پاکستان آج ہم میں نہیں کہ اس نسل کو دیکھ کر تو خون کے آنسو ہی روتے۔
در حقیقت ہمیں تو یہ بھی ’’تبدیلی‘‘ ہی کے نتائج لگتے ہیں کہ جو کچھ پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا،وہ اب ہورہا ہے۔ سو فی صد توکیا ،اب توطلبہ گیارہ سو، بارہ سو فی صد نمبرز بھی لے رہے ہیں۔ کم از کم کوئی ذی شعورتو یہ بات ہر گز تسلیم نہیں کرسکتا کہ ایک طالبہ نے میٹرک بورڈ میں ہر مضمون میں پورے نمبرز حاصل کیے۔ چلیں، ریاضی ، فزکس، میں تو پورے نمبرز ملنے کی توقع کی جا سکتی ہے، لیکن دیگر مضامین میں پورے پورے نمبرز اور وہ بھی بغیر امتحان کے کس کلیے، فارمولے کے تحت دئیے گئے۔
یہاں یہ حقائق بیان کرنے کا مقصد بچّوں کی حوصلہ شکنی یا محنت کرنے والےطلبہ پر تنقید ہرگز نہیں کہ ایک ذہین طالب علم ،اگر دن رات محنت کرکے کوئی نمایاں پوزیشن حاصل کرتا ہے، تو وہ یقیناً مُلک و قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ تاہم، اس سال میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج میں مُلک بھر کے بیش تر تعلیمی بورڈزنے سیکڑوں طلبہ کو 1100میں سے 1100نمبرز دے کر ورطۂ حیرت میں ڈال دیاہے، جس کی ممکنہ قباحتوں پر تعلیمی حلقوں کی طرف سے بھی سوالات اُٹھائے جا رہے ہیں، جو یقیناًجائز بھی ہیں۔
زیادہ پرانے نہیں، پاکستان میں کورونا ئی ایّام سے محض ایک ، دو سال پرانے امتحانی نتائج کا سر سری جائزہ لیں ،تو ماہرینِ تعلیم اورہوش مندوں کی رواں سال کےنتائج پر تشویش کی وجہ صاف سمجھ آجائے گی۔ جیسے ،ثانوی تعلیمی بورڈ ، کراچی کے سال19 ء-2018ء کے تحت ہونے والے میٹرک سائنس گروپ کےامتحانات میں ایک لاکھ61 ہزار آٹھ سو 82 طلبہ شریک ہوئے اور شرحِ کام یابی 68.52 فی صدرہی ۔2017ء میں ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ ،راول پنڈی کے میٹرک کے سالانہ امتحانات میں مجموعی طور پر 1,21,505امیدواروں نے شرکت کی ، جن میں سے 94,402کام یاب قرار پائے، یوں کام یابی کا مجموعی تناسب 77.72 فی صد رہا۔2017 ء ہی میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ، لاہور کے تحت ہونے والے امتحانات میں 2لاکھ 26 ہزار 619 طلبہ نے شرکت کی اوراُن میںسے 1لاکھ 67ہزار 131طلبہ کام یاب ہو پائے۔ یعنی لاہور بورڈ میں کام یابی کی شرح 73.75 فی صد رہی ۔
اسی طرح ملتان تعلیمی بورڈ کے تحت ہونے والے امتحانات میں نویں جماعت میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 14ہزار 675امیدواروں نے شرکت کی، تو اُن میں سے 67ہزار 4امید وار پاس ہوئے۔ یعنی کام یابی کا تناسب 58.42فی صد رہاتھا۔ بہاول پور بورڈ کے زیرِ اہتمام نویں جماعت کے سالانہ امتحانات 2017ء میں 87,985 امیدواروں نے شرکت کی، جن میں سے 45,364 امیدوار پاس ہو ئے اور یوں کام یابی کا تناسب 51.56فی صدرہا۔ ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ،ڈیرہ غازی خان کے زیرِ اہتمام نویں جماعت کے سالانہ امتحانات 2017ء میں کُل 79,386امیداروں نے شرکت کی ، 43,982کام یاب ہوئےاورکُل تناسب 55.40فی صد رہا۔
دوسری جانب، اگر رواں سال کا جائزہ لیا جائے ،توکورونا کا شکریہ ادا کرنے کودل چاہتاہے کہ اس کی وجہ سے ہمارے بچّے بغیر پڑھے، جیسے تیسےصرف آن لائن کلاسز لے کراس قدر’’لائق فائق، ذہین فطین‘‘ ہوگئے کہ فیصل آباد بورڈ میں کام یابی کا تناسب 99.4فی صد، گوجرانوالہ میں 99.29،ساہی وال میں 99.23 ،سندھ میں 98فی صداورراول پنڈی میں 99.1فی صدرہا ۔یہی نہیں، سیکڑوں امیدواروں نے سو فی صد نمبرز حاصل کیے ، صرف لاہور میں ایسے طلبہ کی تعداد 700ہے۔
واضح رہے، ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کےتحت ہونے والے امتحانات میں جنرل گروپ ریگولراور پرائیویٹ کے 19,638طلبہ رجسٹر ہوئے،جن میں سے 18,640امتحانات میں شریک ہوئے، جب کہ دو نوں پرچوں میں غیر حاضر طلبہ کی تعداد 998 اور صرف ایک پرچے میں غیر حاضر طلبہ کی تعداد 354 رہی۔
نیز، امتحانات میں کام یابی کا مجموعی تناسب 98.10 فی صد رہا، جن میں 733طلبہ نے اے ون ، 1,622 نے اے ، 2,810 نے بی، 3842 نےسی ، 4,697نے ڈی اور 4,355 نے ای گریڈز حاصل کیے۔اسی طرح قوتِ سماعت وگویائی سے محروم104خصوصی طلبہ نے رجسٹریشن کروائی، 99طلبہ امتحانات میں شریک ہوئے، جن میں سے 98طلبہ نے فرسٹ ڈویژن حاصل کی،جب کہ ایک طالب علم،ایک پیپر میں غیر حاضر ہونے کی وجہ سے فیل قرار پایا،اس طرح نتائج میں کام یابی کا تناسب 98.99فی صد رہا۔
بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن ، ڈیرہ غازی خان کے تحت ہونے والے سالانہ امتحانات 2021ءمیں 97,154 امیدواروں نے شرکت کی، جن میں سے 96,530طلبہ پاس ہوئے۔ یوں کام یابی کا تناسب 99.35فی صد رہا، جب کہ 432امیدوار وں نے پورے مارکس حاصل کیے۔ راجن پور میں کام یابی کا تناسب99.23 فی صد،مظفر گڑھ میں 99.36فی صد اور لیہ میں 99.56 فی صد رہا۔ اس طرح باقی اضلاع کی نسبت لیّہ میں کام یابی کی شرح سب سے زیادہ رہی۔
بہاول پور تعلیمی بورڈ میں کُل 1,04,103امیدواروں نے شرکت کی، جن میں سے 1,03,128امیدوارکام یاب ہوئے، یعنی کام یابی کاتناسب 99.06 فی صد رہا۔
ملتان میٹرک بورڈ کےسالانہ امتحانات میں ایک لاکھ 30ہزار310امیدوار شریک ہوئے، ایک لاکھ 29ہزار455 کام یاب قرار پائےاورکام یابی کا تناسب 99.34فی صد رہا۔ نتائج کے مطابق سائنس گروپ میں مجموعی طور پرایک لاکھ 15 ہزار 616امیدوار شریک ہوئے اورنتیجہ 99.45فی صد رہا۔آرٹس گروپ میں کُل 14ہزار 694امیدواروں نے شرکت کی اورکام یابی کا تناسب 98.50فی صد رہا۔
ملتان بورڈ میں مجموعی طور پر 669 طلبہ نے 1100 میں سے 1100 نمبر حاصل کیے، 36ہزار890امیدواروں نے اے ون گریڈ ،14ہزار 990 امیدواروں نے اے ، 16ہزار898امیدواروں نے بی ،19 ہزار 348 امیدواروں نے سی ، 23 ہزار 286 امیدواروں نے ڈی اور 17 ہزار 982نے ای گریڈ حاصل کیا۔گوجرانوالہ کے میٹرک امتحانات میں 2 لاکھ 48 ہزار 156 امیدواروں نے حصّہ لیا، 2 لاکھ 46 ہزار 392 امیدوار پاس ہوئے، کام یابی کا تناسب 99.29 فی صد رہا، جب کہ گوجرانوالہ میں 400 امیدوار وں نے 1100 میں سے 1100 نمبرز حاصل کیے۔
مُلک بھرکے مختلف تعلیمی بورڈز کے گزشتہ برسوں اور موجودہ برس کے نتائج کا موازنہ کرنے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ جہاں پہلے مجموعی طور پر ایک بورڈکا نتیجہ پچھتّر، اسّی فی صد تک آتا تھا، اب وہاں بات 99 اور 100 فی صد تک پہنچ چُکی ہےاور وہ بھی محض دو برسوں میں۔ اعداد و شمار کے اعتبار سے دیکھا جائے تویہ یقیناً خوش آئند امرہے، لیکن ’’سب اچھا ہے‘‘ کی عینک اُتار کر دیکھیں ،تو اندازہ ہوگا کہ دَر حقیقت یہ کس قدر تشویش ناک، افسوس ناک اور خطر ناک صورتِ حال ہے۔ ایک توپہلے ہی مُلک کا نظامِ تعلیم ابتری کا شکار ہے، اُس پر رہی سہی کسر ’’کورونائی طریقِ تعلیم‘‘ نے پوری کردی کہ پہلے بِنا امتحان بچّوں کو اگلی جماعتوں میں پروموٹ کردیا اور اب تو ریوڑیوں کی طرح نمبرز بانٹے گئے ہیں، تو طلبہ کے مستقبل پر تو سوالیہ نشان ہی لگ گیا ہے۔
یہاں یہ امر بھی توجّہ طلب ہے کہ رپورٹس کے مطابق ثانوی تعلیمی بورڈ، لاہور کے زیرِ اہتمام حالیہ تعلیمی نتائج 2021ءمیں کام یابی حاصل کرنے والے سوا دو لاکھ سے زائد طلبہ محض اس لیے فرسٹ ائیر میں داخلے سے محروم رہ جائیں گے کہ غیرمعمولی نتائج سے کالجزکے میرٹ میں اضافہ ہوگا۔ اعلیٰ ترین نتائج کی یہ صورتِ حال خیبرپختون خوا کے مردان اور دوسرے بورڈز سے شروع ہوئی تھی، پھرپنجاب کے بعد اب سندھ میں سامنے آئی ہے۔
تعلیمی حلقے ان غیرمعمولی نتائج کی وجہ کورونا پالیسی کو قرار دے رہے ہیں، جس کے تحت 2021ءکے میٹرک اورانٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں صرف اختیاری مضامین شامل کیے گئے ۔ سائنس گروپ میں یہ مضامین فزکس، کیمسٹری، بائیولوجی اور ریاضی پر مشتمل تھے ، جن میں سو فی صد نمبر حاصل کرنے کا امکان موجود ہے۔
حکومتی پالیسی کے مطابق 5 فی صد اضافی نمبر زبھی دئیےگئے،تو اس طرح طلبہ کے پورے پورے نمبرز آئے خیر، وجہ چاہے جو بھی ہو ، ہم تو بس اتنا جانتے ہیں کہ جب سخت لاک ڈاؤن اور کووِڈ کے عروج پر بچّے مالز جا سکتے تھے، گلی، محلّوں میں کھیل کود سکتے تھے، تو کیا ایس او پیز کے ساتھ تمام مضامین کے پرچے نہیں لیےجا سکتے تھے۔ علاوہ ازیں، جب امتحانات ہوہی گئے تھے، تو پھرنتائج میں شفّافیت کا پہلو کسی طور نظر انداز نہیں ہونا چاہیے تھا۔
مُلک کے اِسی نظامِ تعلیم اور امتحانی نظام پر بات کرتے ہوئے معروف محقّق، ناقد، اسکالر اور ماہرِ تعلیم پروفیسر معین الدّین عقیل کا کہنا ہےکہ ’’ ہمارا شعبۂ تعلیم زوال پذیری کا شکار ہے۔ ذی شعور اقوام نظامِ تعلیم، نظامِ امتحان اور تحقیق کے شعبوں کو بہتر بنانے کی کوششوں میں مصروف رہتی ہیں، لیکن بد قسمتی سے تعلیم ہماری ترجیحات میں شامل ہی نہیں۔ اور یہ کوئی موجودہ حکومت یا آج کی بات نہیں کہ تعلیم کا شعبہ گزشتہ 25، 30 برس سے مسائل کا شکار ہے۔اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ہمارا شعبۂ تعلیم ماہرینِ تعلیم، محققین ، دانش وروں کے ہاتھ نہیں، اس کی سربراہی ایسے لوگ کر رہے ہیں، جنہوں نہ کبھی کوئی کتاب لکھی، نہ مقالہ تو ایسے لوگ ریسرچ کی اہمیت و افادیت کیا جانیں ۔
ان کے لیے تو یہ شعبہ بس ایک وزارت یا بورڈ ہے،جہاں مدّت پوری کی اورگھر چلے گئے۔ ہم اب تک یہ بات سمجھنے سےقاصر ہیں کہ جس طرح ہر شعبے کی صدارت، سربراہی اس فیلڈ کا ماہر ہی بہتر طور پرکر سکتا ہے،اسی طرح شعبۂ تعلیم بھی ہے۔ جب تک اس کی باگ ڈورکسی ماہرِ تعلیم کے ہاتھ نہیں ہو گی، تب تک یہی کچھ ہوتا رہے گا ، جو آج ہو رہا ہے۔ نیز، ہمیں اس پہلو سے بھی چشم پوشی نہیں کرنی چاہیے کہ معاشرے کی اصلاح، تعلیم و تربیت کی بنیادی ذمّے داری اساتذہ پر عائدہوتی ہے، مگر افسو س کہ آج سفارشی کلچر کے تحت اساتذہ نہیں، پیسا کمانے کی مشینیں بھرتی ہو رہی ہیں۔ اساتذہ کی اکثریت راہِ راست پر نہیں ، کیوں کہ حقیقت میں وہ استاد ہیں ہی نہیں ، وہ تو بس ملازمت پیشہ عملہ ہیں۔
اسی لیے ہمارے مستقبل کی جڑ، نسل خراب ہو رہی ہے۔ جہاں تک بات ہے، اس سال کے امتحانی نتائج کی، تو اس پر سوائے افسوس کے اور کچھ نہیں کیا جا سکتا۔ مَیں اکثر مُلک بھر کے تعلیمی اداروں کا دَورہ کرتا رہتا ہوں، اسی لیے مجھے اندازہ ہے کہ سندھ کا نظامِ تعلیم دیگر صوبوں کی نسبت کافی خراب تھا، لیکن اس برس ، جو کچھ باقی صوبوں نے کیا ہے، اس کی روشنی میں یہ کہنا ہر گز مشکل نہیں کہ پہلے تو صرف صوبۂ سندھ کا حال بُرا تھا، اب تمام صوبوں کا یک ساں حال ہوگا، جو ہمارے لیے کسی المیے سے کم نہیں۔‘‘اسی حوالے سےمعروف سائنس دان اور ایچ ای سی کے سابق سربراہ، ڈاکٹر عطاء الرّحمٰن کا کہنا ہے کہ ’’ مجھے تو سُن کر اس قدر افسوس ہوا کہ آخر یہ ہو کیا رہا ہے۔ تعلیمی نظام اس طرح نہیں چلتا، جس طرح چلایا جا رہا ہے۔
اِمسال جس طرح امتحانی نتائج میں طلبہ کو ہائی نمبرز دئیے گئے ہیں، اس سے اور کچھ ہو نہ ہو، لیکن اچھا پڑھنے والے، محنتی ، قابل اور ذہین بچّوں کی حوصلہ شکنی ضرور ہوگی کہ یہ تو ان کے ساتھ سراسر نا انصافی ہے ۔ذرا سوچیں ایک بچّہ جو دن رات محنت کرکے امتحان کی تیاری کرتا ہے،اُس کے اور ایک بالکل نالائق بچّے کے نمبرز ایک جیسے ہی آرہے ہیں۔ یہ المیہ نہیں، تو اور کیا ہے۔ تو بھئی، جب تک نظامِ تعلیم کی خرابیاں دُور نہیں کریں گے، تب تک کام یابی ہمارا مقدّر نہیں بن سکتی۔‘‘