سابق یوگو سلاویہ کے صوبے اور یورپی ملک سلووینیا کے علاقے کوپر کے ایک نوجوان جوڑے کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ ایک جنگلی چڑیا کے والدین بن گئے ہیں، جبکہ وہ کئی بار کوشش کرچکے ہیں کہ یہ چڑیا اب واپس اپنے جنگلی ماحول میں چلی جائے لیکن اس نے ایسا کرنے سے انکار کردیا۔
اور اب انسانوں کے جوڑے، جس نے اسے پال پوس کر بڑھا کیا ہے، کے پاس رہنے کو ترجیح دی ہے۔
اس نوجوان جوڑے نے اس چڑیا کو بالکل کھلا چھوڑ رکھا ہے اور مکمل آزادی دے رکھی ہے کہ وہ جب اور جہاں بھی جانا چاہے چلی جائے۔
الیش اور جنجا نامی اس جوڑےکو یہ لے پالک بچی (چڑیا) اس وقت ملی تھی جب یہ صرف دس روز کی تھی۔ اس جوڑے کے ایک دوست کو اپنے بچے کے ساتھ چہل قدمی کے دوران یہ ایک اور مردہ بچے کے ساتھ زمین پر پڑی ملی تھی اور اس کے والدین آس پاس کہیں بھی موجود نہ تھے، جس پر وہ اسے اٹھا کر اپنے گھر لے آئے تھے۔
بد قسمتی سے خاتون خود ایک بچے کی ماں تھیں لہٰذا وہ اس چڑیا کے بچے کی پرورش نہیں کرسکتی تھیں اور نہ ہی انھیں اسکا تجربہ تھا جس کی وجہ سے انھوں نے اسے الیش اور جنجا کے حوالے کردیا۔
گو کہ انھیں بھی چڑیا کے بچے کی نگہداشت کا کوئی تجربہ نہ تھا لیکن انھوں نے آن لائن معلومات کے ذریعے اس کی بھرپور پرورش کی اور اب یہ انھیں اپنا والدین ہی سمجھتی ہے اور انھیں چھوڑ کر جانے کو تیار نہیں۔