• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی کو تحریک لبیک سے معاہدے پر شدید تحفظات

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے حکومت اور تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سے معاہدہ کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے یکطرفہ فیصلے پر حکومتی پالیسی قبول کرنے سے انکار کردیا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں میزبان شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک سے معاہدے پر ہمیں شدید تحفظات ہیں۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ بطور ریاست شہدا کے لواحقین کے لیے ہمارے پاس کیا جواب ہے؟ 7 پولیس اہل کار کس لیے شہید ہوئے؟ 

مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیز کا مورال پست ہے، تاثر آرہا ہے کہ حکومت نے کالعدم جماعت کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے۔

انہوں نے کہا کہ آج ایک اور کالعدم جماعت نے کہہ دیا کہ کالعدم کا ٹیگ نہ ہٹا تو احتجاج کریں گے، ٹی ٹی پی کا بیان آیا کہ وہ کس غلطی پر معافی مانگیں؟  وہ تو شرمندہ ہی دکھائی نہیں دیتے۔ 

سینیٹر پی پی کا کہنا تھا کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) پاکستان کی تاریخ کا سب سے اندوہناک سانحہ ہے۔

انہوں نے کالعدم جماعت سے معاہدے سے متعلق یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی، اے این پی، جے یو آئی (ف) اس ضمن میں سب سے بڑے اسٹیک ہولڈر ہیں، ہماری مشاورت کے بغیر پالیسی بنانا قبول نہیں ہوگا۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ ایسا معاہدہ یک طرفہ تھوپنا قبول نہیں، اطمینان اسی وقت ہوگا جب تحریک لبیک اور دیگر سے معاہدے پارلیمنٹ میں رکھے جائیں گے، یک طرفہ فیصلے لے کر اپوزیشن پر تھوپنا قبول نہیں کریں گے۔

تازہ ترین