• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریگولیٹری ادارے وزیراعظم کے ماتحت کرنے سے متعلق نوٹیفیکیشن واپس‘ سپریم کورٹ نے کیس نمٹا دیا

اسلام آباد (جنگ رپورٹر) عدالت عظمیٰ نے سابق حکومت کی جانب سے ریگولیٹری ادارے وزیراعظم کے ماتحت کرنے سے متعلق مقدمہ کی سماعت کے دوران حکومت کی جانب سے نوٹیفیکیشن واپس لینے کی بناء پر کیس نمٹا دیا۔ جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں جسٹس امین الدین خان اور جسٹس محمد علی مظہر پر مشتمل تین رکنی بینچ نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر کی گئی وفاقی حکومت کی اپیل کی سماعت کی تو ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ حکومت نے ریگولیٹری ادارے وزیراعظم کے ماتحت کرنے سے متعلق جاری کیا گیا نوٹیفیکیشن واپس لے لیا ہے، جس کے بعد یہ اپیل غیر موثر ہوچکی ہے۔ انہوں نے عدالت سے اپیل واپس لینے کی اجازت دینے کی استدعا کی تو فاضل عدالت نے ان کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس نمٹادیا۔ واضح رہے کہ سابق حکومت نے ریگولیٹری اتھارٹیز وزیراعظم کے ماتحت کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا تھا جسے پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر خان ترین سمیت متعدد افراد نے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا، جس پر فاضل عدالت نے ریگولیٹری ادارے وزیراعظم کے ماتحت کرنے کا نوٹیفیکیشن معطل کرتے ہوئے حکم امتناع جاری کردیا تھا، جس کے خلاف وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ میں یہ اپیل دائر کی تھی۔

تازہ ترین