تہران (اے ایف پی) ایران نے پیر کے روز کہا ہے کہ سعودی عرب کیساتھ کسی بھی قسم کے نئے مذاکرات کا تعین ریاض کے رویے پر ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ دیکھنا ہوگا کہ کشیدگی کے خاتمے کیلئے سعودی عرب بات چیت میں کتنا آمادہ ہے اور اسے مزید سنجیدگی دکھانا ہوگی۔ سعودی عرب میں ایک عالم کو پھانسی دیے جانے کے بعد تہران میں سعودی سفارتخانے پر مظاہرین نے حملہ کردیا تھا جس کے بعد سعودی عرب نے ایران کیساتھ سفارتی تعلقات منقطع کردیے تھے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادے نے پیر کے روز کہا کہ مذاکرات کا سلسلہ ختم نہیں ہوا تاہم مذاکرات کے چوتھے دور کے باوجود تاحال آمنے سامنے بات چیت نہیں ہوئی ہے۔