اسلام آباد(اے پی پی) سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا میں نجی میڈیکل کالجز میں ہاؤس جاب ڈاکٹرز کے ماہانہ وظیفے سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کا حکم برقرار رکھتے ہوئے خیبرپختونخوا پرائیویٹ میڈیکل کالجز کی جانب سے دائر درخواست مسترد کر دی۔ عدالت عظمیٰ نے خیبرپختونخوا نجی میڈیکل کالجز کے ہاؤس جاب ڈاکٹرز کوگورنمنٹ کالجز کے مساوی ماہانہ وظیفہ دینے کا حکم دیدیا۔ چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کے پی کے میں نجی میڈیکل کالجز کے ہاوس آفیسرز کو گورنمنٹ کالجز کے برابر ماہانہ وظیفہ دینے سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت جسٹس اعجازلاحسن نے ریمارکس دیئے کہ نجی میڈیکل کالجز کو ہائوس جاب ڈاکٹرز کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دینگے،پاکستان میڈیکل کمیشن ( پی ایم سی) ایکٹ میں پرائیویٹ کالجز کو سرکاری کالجز کے مساوی ماہانہ وظیفہ دینے کا کہا گیا ہے۔