لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کےوزیر اعظم عمران خان کی سابق اہلیہ اور برطانوی فلم ساز و لکھاری جمائما گولڈ اسمتھ کا کہنا ہے کہ معروف ویب سیریز دی کراؤن کے اگلے حصے میں لیڈی ڈیانا کی زندگی کے واقعات کو نامناسب انداز میں دکھایا جارہا ہے، جس کے بعد وہ اس سیریز سے بطور لکھاری علیحدگی اختیار کر رہی ہیں۔غیرملکی میڈیا کے مطابق جمائما گولڈ اسمتھ نے معروف اور متنازع ویب سیریز ’دی کراؤن ‘کے آنے والے پانچویں سیزن کی عکس بندی و کہانی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیریز کی ٹیم سے علیحدگی اختیار کرلی۔انہوں نے کہا کہ ان سے ویب سیریز کے تخلیق کار پیٹر مورگن نے پانچویں سیزن کی کہانی لکھنے کی درخواست کی اور انہوں نے لیڈی ڈیانا کی بہترین سہیلی ہونے کے ناطے اسکرپٹ پر کام بھی کیا۔جمائما کا کہنا ہے کہ انہوں نے ویب سیریز کے اسکرپٹ پر ستمبر 2020 سے فروری 2021 تک کام کیا اور انہیں توقع تھی کہ سیریز کی ٹیم ان کی توقعات کے مطابق ہی کہانی کو پیش کرے گی۔تاہم انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پانچویں سیزن میں لیڈی ڈیانا کی کہانی ان کی توقعات کے برخلاف دکھائی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے وہ سیریز سے الگ ہو رہی ہیں۔دوسری جانب دی کراؤن کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ جمائما کے ساتھ انہوں نے لکھاری کے طور پر کوئی معاہدہ نہیں کیا تھا۔ترجمان نے واضح کیا کہ جمائما گولڈ اسمتھ شروع سے ہی ’دی کراؤن ‘کی حمایتی رہی ہیں مگر پانچویں سیزن میں انہیں بطور لکھاری شامل کرنے کا کوئی معاہدہ ہوا ہی نہیں تھا، تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ انہوں نے کہانی پیش کرنے میں مدد فراہم کی۔ذرائع کے مطابق پانچویں سیزن میں لیڈی ڈیانا کی شادی کے آخری سال، ہارٹ سرجن اور دوسرے کاروباری شخص سے معاشقے سمیت ان کے کار حادثے کے واقعات کو دکھایا جائے گا۔خیال کیا جا رہا ہے کہ پانچویں سیزن میں لیڈی ڈیانا کے معاشقوں کو غلط انداز میں دکھایا گیا ہے، جس پر جمائما نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ویب سیریز سے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے۔