اسلام آباد (بلال عباسی)نیب نے کل 714 ارب روپے کی ریکوری کی ہے، بینک قرض مقدمات میں 121ارب روپے کی ریکوری کی جو بینکوں کو واپس کر دیے گئے ہیں، پلی بارگین کے ذریعے 45 ارب سے زائد کی ریکوری کی گئی ہے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں نیب کی ریکوریوں سے متعلق سوالات اٹھائے جانے پر نیب کی جانب سے ریکور کی گئی رقم کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
نیب کی جانب سے جاری ریکوریوں کی تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے قرض مقدمات میں 121 ارب روپے کی ریکوری کی گئی ہے جبکہ قرض کی ری شیڈیولنگ کی مد میں 59 ارب روپے کی ریکوری کی گئی ہے۔
عدالتی فیصلوں کے ذریعے ملزمان پر عائد 44 ارب کے جرمانے بھی ریکور کیے گئے ہیں جبکہ 26.5 ارب روپے ملزمان نے رضاکارانہ طور پر متعلقہ افراد اداروں کو واپس کیے ہیں۔
دستاویز کے مطابق متوقع فراڈ اور کرپشن کے پیشگی تدارک سے بچانے کیلئے 474 ارب روپے ریکور کیے گئے ہیں۔ دستاویز کے مطابق مشتاق رئیسانی سے برآمد 100 ارب کی جائیداد چیئرمین نیب نے بلوچستان حکومت کو لوٹائی ہے۔
دستاویز کے مطابق سندھ روشن پروگرام کی برآمد کی گئی رقم بھی حکومت سندھ کے حوالے کی گئی ہے۔ دستاویز کے مطابق 20 ارب روپے کی زمینیں سندھ حکومت اورا سٹیل مل کی ریکوری میں شامل کی گئی ہیں۔