بیجنگ (اے ایف پی )کورونا وائرس سے متاثرہ چین کے ایک شہر کے حکام کی جانب سے ان افراد کو ہزاروں ڈالر دینے کی پیشکش کی گئی ہے جو نئی لہر کے بنیادی سبب کا تعین میں مدد کریں۔یہ پیشکش ’لوگوں کی جنگ‘ یا ’پیپلز وار‘ تحریک کے تحت کی گئی ہے، جس کا آغاز حالیہ مہینوں میں وبا کی سب سے بڑی لہر کو ختم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔اے ایف پی کے مطابق چین میں منگل کو کورونا کی ڈیلٹا قسم کے وائرس کی 43 افراد میں تصدیق ہوئی ہے۔ یہ لہر ملک کے 20 صوبوں کے کئی علاقوں تک پھیل گئی ہے اور اس کی وجہ سے گذشتہ تین ہفتوں کے دوران نئے کیسز دو ہندسوں میں رپورٹ ہو رہے ہیں۔ چین کے شہر ہئیہے میں حکام نے وبا سے متعلق معلومات فراہم کرنے پر 15 ہزار 500 ڈالر یا ایک لاکھ یوان دینے کی پیشکش کی ہے۔ایک بیان میں شہری انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’وائرس کی جڑ کا جلد سے جلد پتہ لگانے اور اس کی منتقلی سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ وبا کو قابو کرنے کے لیے ’پیپلز وار‘ شروع کی جائے۔