• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بدنام زمانہ افراد چیئرمین، ڈی جیز کا نام استعمال کرکے رقم بٹور رہے، نیب

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) قومی احتساب بیورو (نیب ) کراچی نے چیئرمین نیب، ڈی جی نیب کراچی اور ڈی جی نیب سکھر کا نام استعمال کرتے ہوئے افسران اور اہم افراد کو بلیک میل کرنے والے عناصر سے ہوشیار رہنے کی تلقین کی ہے، نیب اعلامیہ کے مطابق آگاہی اور تدارک کی فعال حکمت عملی سے عوام کو آگاہ کرنے کے لیے چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی ہدایات کے مطابق عوام الناس کو مطلع کیا جاتا ہے کہ کچھ بدنام زمانہ افراد چیئرمین نیب، ڈی جی نیب کراچی اور ڈی جی نیب سکھر کا نام استعمال کرتے ہوئے ہائی پروفائل افسران/افراد سے رابطہ کر رہے ہیں اور عدم تعمیل کی صورت میں فوری گرفتاری کی دھمکیاں دے کر رقم بٹور رہے ہیں،نیب کراچی نےملزمان کیخلاف ریفرنس دائر کردیا۔ اس سلسلے میں نیب کراچی نے ملزم خالد حسین ولد محمد عرس سولنگی جن کا شناختی کارڈ نمبر42401-2581024-7ہے اور اس کے ساتھی ملزم عامر حسین، شعیب چانڈیو، محمد سہیل، ثاقب اشرف اور دیگر کیخلاف معاملہ کا نوٹس لیا ہے۔نیب کراچی نے تحقیقات مکمل کرنے کے بعد مذکورہ ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کر دیا ہے اور یہ مقدمہ احتساب عدالت کراچی میں زیر سماعت ہے،کیس میں ملوث رقم 91.1ملین روپے ہے۔ اس کیس میں 4ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم محمد سہیل نامی ایک شخص نے نیب کے ساتھ پلی بارگین کر کے Rs.9.4ملین روپے کی ناجائز رقم قومی خزانے میں جمع کرائی ہے، کیس کی مزید تفتیش بھی مکمل کر لی گئی ہے اور ضمنی ریفرنس دائر کیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین