آئی سی سی کی نئی پلیئرز رینکنگ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ ٹیم پاکستان کا دوسرا نمبر ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی بابر اعظم شاندار بیٹنگ کی بدولت عالمی رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر قابض ہیں ، نئی رینکنگ میں بھی بابر کی نمبر 2 پر موجود ڈیوڈ ملان پر 39 ریٹنگ پوائنٹس کی برتری ہے ، مارکہم تیسرے ، فنچ چوتھے اور کے ایل راہول پانچویں نمبر پر ہیں ۔
بابر کے اوپننگ پارٹنر محمد رضوان بھی ٹاپ ٹین میں شامل ہیں ، ان کی چھٹی پوزیشن برقرار ہے ، البتہ بھارت کے ویرات کوہلی کی رینکنگ مزید ایک درجہ کم ہو گئی،نیوزی لینڈ کے کونووے نے انہیں آٹھویں نمبر پر دھکیل دیا ہے۔
بولرز کی فہرست میں ٹاپ ٹین پر کوئی فرق نہیں پڑا ، سری لنکا کے ونندو ہسارنگا کی پہلی پوزیشن برقرار ہے ، پاکستان کے شاہین آفریدی گیارہوِیں ، حارث روف 20ویں نمبرپر ہیں ، شاداب اور عماد ایک ایک درجہ ترقی کے ساتھ 23 اور 24 نمبرپر پہنچ گئے۔
ٹیم رینکنگ میں بھی ابتدائی پوزیشنز پر کوئی فرق نہیں پڑا، ٹاپ پر انگلینڈ ہے اور نمبر دو پوزیشن پر پاکستان ہے جبکہ بھارت کی تیسری نیوزی لینڈ کی چوتھی اور جنوبی افریقہ کی پانچویں پوزیشن ہے ۔