اسلام آباد(این این آئی، جنگ نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی اور سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ اسمبلی میں حکومت کو دو بار شکست ہوئی، حکومت اسمبلی کا اعتماد کھو چکی، وزیراعظم اخلاقی جواز کھو بیٹھے ہیں، وزیراعظم کو چاہیے کہ اعتماد کا ووٹ لیں، وزیراعظم مستعفی ہوں، بدھ کو احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے بے شرمی سے خود اور وزراء کو ماسٹر ،مدر این آر او دیا ہے ،تمام شعبوں میں کرپشن کرنے والے وزراء سے مستقبل میں کوئی سوال نہیں کر سکے گا،نیب قانون میں ترمیم پر اپوزیشن ڈٹ کر مخالفت کریگی،چیئرمین نیب کہتا ساڑھے 8سو ارب روپے کمائے، وزارت خزانہ کہتا ہے ساڑھے 6ارب جمع کرائے، باقی کے پیسے کہاں گئے؟، نیب کے کرپشن کی تحقیقات کون کرے گا؟، ڈسکہ رپورٹ کے ذمہ داران کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے عمران خان کے حوالے سے کہا کہ یہ وہ شخص ہے جس نے اپنی سیاست کو کرپشن کے خلاف جہاد قرار دیا تھا،اسی شخص نے اب نیب قانون کو تبدیل کر کے اپنی کرپشن پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی ہے۔