پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا ہے کہ سیمی فائنل سے قبل بیمار ہونے والے قومی کرکٹرز محمد رضوان اور شعیب ملک کو انجیکشن لگائیں تاکہ وہ تندرست ہوکر میچ کھیل سکیں۔
شعیب اختر نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنا ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں اُنہوں نے کہا کہ ’میں نے اُڑتی اُڑتی خبر سُنی ہے کہ شعیب ملک اور محمد رضوان سیمی فائنل سے پہلے بیمار ہوگئے ہیں۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’شعیب ملک اور محمد رضوان ٹرافی کے اسٹار ہیں لہٰذا انہیں انجیکشن ٹھوکیں، ڈرپ لگائیں تاکہ یہ سیٹ ہوکر میچ میں پرفارم کرسکیں۔‘
سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ ’مجھے اُمید ہے کہ شعیب ملک اور محمد رضوان دوائیاں لے رہے ہوں گے اور آرام کررہے ہوں تاکہ سیمی فائنل میں کھیل سکیں اور وہ بہت اچھا پرفارم کریں گے۔‘
شعیب اختر نے کہا کہ ’آج کا دن پاکستان کرکٹ کے لیے بہت اہم ہے کیونکہ ہمیں ورلڈ کپ جیتنا ہے اور ہمیں جیت کا انجیکشن لگانا ہے۔‘
اُنہوں نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں محمد رضوان اور شعیب ملک سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’لڑکوں! کمر کس لو، تگڑے ہوجاؤ، زور لگانا ہے اور انشاءاللّہ! آپ دونوں ٹھیک ہوجائیں گے۔‘
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سیمی فائنل سے قبل پاکستان ٹیم کے دو اہم کھلاڑی محمد رضوان اور شعیب ملک فلو میں مبتلا ہوگئے ہیں دونوں کو ہلکا بخار ہے۔ ایسے میں سرفراز احمد پریکٹس میں متحرک دکھائی دیئے۔
دونوں نے بدھ کی شب آئی سی سی اکیڈمی دبئی میں پریکٹس سیشن میں شرکت نہیں کی۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ دونوں کے کورونا ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔ فلو کی وجہ سے دونوں نے آرام کیا ، خطرے والی کوئی بات نہیں ہے۔
میچ سے قبل ڈاکٹر دونوں کا معائنہ کریں گے۔ شارجہ میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف میچ کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں نے دو دن آرام کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر رضوان فٹ نہ ہوسکے تو سرفراز احمد اور شعیب ملک کی جگہ حیدر علی ممکنہ طور پر ٹیم میں شامل ہوسکتے ہیں۔