• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران کیخلاف امریکی ایمرجنسی میں سال بھر کی توسیع

واشنگٹن ( نیوز ڈیسک) امریکی صدر جوبائیڈن نے ایرانی حکومت کے خلاف قومی ایمرجنسی میں مزید ایک سال کی توسیع کی منظوری دے دی۔ وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا اور ایران کے تعلقات ابھی تک بحال نہیں ہوئے اور ایران کی جانب ایمرجنسی کی حالت سے نمٹنے کے لیے نومبر 1979ء سے شروع ہونے والا عمل جاری رہے گا۔ وائٹ ہاؤس کے بیان میں ایگزیکٹو آرڈر 12170 کا حوالہ دیا گیا جو پہلی بار 14 نومبر 1979ء کو جاری کیا گیا تھا۔ یہ ایگزیکٹو آرڈر سابق امریکی صدر جمی کارٹر کی صدارت کے دوران اور تہران میں امریکی سفارت خانے پر قبضے کے 10 دن بعد جاری کیا گیا تھا۔ یہ قبضہ 4 نومبر 1979ء کو طلبہ کے گروپ کی طرف سے کیا گیا۔ اس ایگزیکٹو آرڈر کو تمام ریپبلکن اور ڈیموکریٹک صدور نے ایران کے خلاف 42 سال تک بدستور جاری رکھا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ایران امریکا کی قومی سلامتی، خارجہ پالیسی اور معیشت کے لیے ایک غیر معمولی خطرے کی نمایندگی کرتا ہے۔ امریکی فردا ریڈیو کے مطابق جنوری میں بائیڈن کی وائٹ ہاؤس آمد کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ انہوں نے ایران کے خلاف قومی ایمرجنسی میں توسیع کی ہے، تاہم توقع تھی کہ ایسا کوئی فیصلہ جاری کیا جائے گا۔ بائیڈن کا یہ حکم اس وقت آیا جب ان کی حکومت نے ایران اور یورپی یونین کی جانب سے جوہری معاہدے کی بحالی پر بات چیت دوبارہ شروع کرنے کے حالیہ فیصلے کا خیرمقدم کیا اور تہران سے نیک نیتی سے مذاکرات کی میز پر واپس آنے کا مطالبہ کیا۔ ویانا مذاکرات جو ایران اور امریکا کے درمیان بالواسطہ مذاکرات بھی ہیں 28 دسمبر کو آسٹریا کے دارالحکومت میں دوبارہ شروع ہونے والے ہیں۔ بائیڈن انتظامیہ نے حالیہ مہینوں میں بارہا اس بات پر زور دیا ہے کہ جوہری معاہدے میں واپسی تبھی ممکن ہو گی جب ایران بھی معاہدے کے تحت اپنے تمام وعدوں پر عمل کرے۔ دوسری جانب ٹینکر ٹریکرز کی ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب نے چند روز قبل قبضے میں لیا آئل ٹینکر سوتھیس چھوڑ دیا ہے۔ اس آئل ٹینکر کو اس وقت قبضے میں لے لیا گیا تھا جب وہ خلیج عمان کی طرف جا رہا تھا۔
تازہ ترین