پشاور (خصوصی نامہ نگار) اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام دیر تا پشاورطلبہ حقوق روڈ کارواں یونیورسٹی کیمپس پشاور پہنچ گیا،بڑی تعداد میں کارکنانِ جمعیت نے روڈ کارواں کا مین گیٹ پر استقبال کیا۔ناظم صوبہ کلیم اللہ، معتمد اعجاز سورانی کو ذمہ داران کیمپس جمعیت نے پھولوں کے ہار پہنائے۔طلبہ نے خیبر میڈیکل کالج سے پیوٹا چوک تک ریلی نکالی جس میں ناظم کیمپس شفیق الرحمن، ذمہ داران جمعیت اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی جمعیت طلبہ کےصوبائی ناظم کلیم اللہ نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں تعلیم کے بجٹ میں اضافہ کی بجائے کمی کی جارہی رہی ہے جس کی وجہ سے خیبر پختونخوا کی تمام جامعات مالی بحران کا شکار ہیں اور بوجھ غریب طلبہ پر فیسوں میں اضافہ کی صورت میں پڑرہا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ تعلیمی بجٹ میں اضافہ کیا جائے اور بجٹ میں تعلیم کے شعبہ کے لئے چار فیصد مختص کیا جائے۔انہوں نے این ایل ای کے خاتمہ اور پی ایم ڈی سی کی بحالی کا بھی مطالبہ کیا۔ ناظم کیمپس شفیق الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت طلبہ کے بڑھتے ہوئے مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات اٹھائے۔