• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیوزی لینڈ کو شکست، آسٹریلیا پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی چیمپئن بن گیا

فوٹو بشکریہ آئی سی سی / ٹوئٹر
فوٹو بشکریہ آئی سی سی / ٹوئٹر

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 میں نیوزی لینڈ کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر آسٹریلیا پہلی مرتبہ کرکٹ کے مختصر ترین فارمیٹ کا چیمپئن  بن گیا۔

فوٹو بشکریہ آئی سی سی / ٹوئٹر
فوٹو بشکریہ آئی سی سی / ٹوئٹر

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 173 رنز کا ہدف دیا تھا۔

نیوزی لینڈ کو ابتدا میں ہی سیمی فائنل کے ہیرو ڈیرل مچل کی وکٹ کی صورت میں بڑا نقصان اٹھانا پڑا تھا، انہوں نے صرف 11 رنز بنائے تھے۔

اس کے بعد کپتان کین ولیم سن کیریز پر آئے اور چھاگئے، انہوں نے پہلے محتاط انداز میں بیٹنگ کی لیکن پھر اس کے بعد آسٹریلوی بولرز کی درگت بنادی۔

کین 48 گیندوں پر 85 رنز کی طوفانی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے، انہوں نے 10 چوکے اور 3 فلک بوس چھکے لگائے۔

مارٹن گپٹل نے ٹیم کے ٹوٹل میں 28 رنز کے ساتھ، گلین فلپس نے 18 اور جمی نیشم نے 8 رنز کے ساتھ اپنا حصہ ڈالا۔

نیوزی لینڈ نے مقرر 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے اپنے 4 اوورز میں صرف 16 رنز دیے اور 3 اہم وکٹیں بھی لیں جبکہ ان کے علاوہ ایڈم زیمپا کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کو کپتان ایرون فنچ کی صورت میں پہلا نقصان اٹھانا پڑا، لیکن مچل مارش اور ڈیوڈ وارنر کے درمیان لگی 92 رنز کی شراکت نے میچ کا پانسہ کینگروز کے پلڑے میں کردیا۔ 

ڈیوڈ وارنز 38 گیندوں پر 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، لیکن ٹیم کو پہلے ٹی ٹوئنٹی ٹائٹل کے قریب کرگئے۔ 

فوٹو بشکریہ آئی سی سی / ٹوئٹر
فوٹو بشکریہ آئی سی سی / ٹوئٹر

وکٹ پر موجود مچل مارش کا بلہ رنز اگلتا رہا اور انہوں نے ناقابلِ شکست رہتے ہوئے ہوئے 77 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی اور ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جتوادیا۔ 

ساتھ میں موجود گلین میکس ویل بھی ناقابلِ شکست رہے اور 28 رنز بنائے۔ 

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولڈ نے آسٹریلیا کے بلے بازوں کے سامنے قابلِ تعریف بولنگ کی جہاں انہوں نے اپنے 4 اوورز میں صرف 18 رنز دے کر 2 اہم وکٹیں بھی لیں۔

تازہ ترین