سیالکوٹ (نمائندہ جنگ ) ضلع سیالکوٹ میں 6سستے رمضان بازاروں کے علاوہ مختلف بازاروں میں فیئرپرائس شاپس قائم کی جائیں گی اور اس مہینے میں اشیائے خورد نوش کی قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے کیلئے گراں فروشوں، ذخیرہ اندوزوں، ملاوٹ کنندگان اور ناپ تول میں ہیرا پھیری کرنے والوں کے عناصر کی حوصلہ شکنی کیلئے خصوصی مہم چلائی جائے گی اور رمضان بازاروں میں ناپ تول کیلئے صرف ڈیجیٹل کنڈے استعمال کئے جائیں گے ۔ اورچاروں تحصیلوں میں سبزی و فروٹ منڈیوں میں سبزیوں اور پھلوں کی ہونے والی آکشن کو شفاف بنانے کیلئے محکمہ مال کے افسران کی خصوصی ڈیوٹیاں لگائی جائیں گی جن کی نگرانی میں پھلوں اور سبزیوں کی ریٹ مقرر کئے جائیں گے ان خیالات کا اظہار ڈ ی سی او ڈاکٹر آصف طفیل نے بسلسلہ ماہ صیام ضلع سیالکوٹ میں مختلف محکموں کی جانب سے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لینے کے دوران کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر سیالکوٹ،اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ، سمبڑیال، پسرور،ٹی ایم او سیالکوٹ، ٹی ایم او پسرور ڈی او ایچ کے علاوہ متعلقہ محکموں کے مقامی حکام نے شرکت کی ۔