• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسکرین ٹائم میں اضافے کے ذہنی اور جسمانی صحت پر اثرات

کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے دنیا بھر میں عائد کی گئی پابندیوں کی وجہ سے ڈیجیٹل گیجٹس کے ساتھ انسان کا رشتہ مضبوط ہوگیا ہے۔ 

اسکرین ٹائم کےبڑھنے سےہماری ذہنی اور جسمانی صحت پر برے اثرات مرتب ہورہے ہیں۔

 کورونا ویکسین کے تیار ہونے کے بعد زندگی آہستہ آہستہ معمول پر آ رہی ہے لیکن اس کے باوجود بھی اسکرین ٹائم کم ہونا ناممکن ہے کیونکہ زیادہ تر اسکول ابھی بھی آن لائن ایجوکیشن کو ہی ترجیح دے رہے ہیں اور کئی دفاتر بھی اپنے ملازمین کو گھر سے کام کرنے کا کہہ رہے ہیں۔

 جس کی وجہ سے کمر اور گردن میں درد، وزن میں اضافہ، آنکھوں میں تکلیف، بے چینی اور متعدد بیماریوں کا خطرہ لاحق ہے۔ 

حالیہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اسکرین ٹائم میں اضافے سے اسٹروک یعنی فالج ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

امریکن اسٹروک ایسوسی ایشن کے اسٹروک جرنل میں شائع ہونے والی 2021 کی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ 60 سال سے کم عمر کے بالغ افراد جن کا اسکرین ٹائم زیادہ ہے یا زیادہ بیٹھے رہنے والا طرز زندگی ہےتو جسمانی طور پر فعال افراد کے مقابلے میں ان کے فالج کا شکار ہونے کے زیادہ امکانات ہیں۔

اس تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ ڈیجیٹل اسکرین ٹائم میں ایک گھنٹے کے اضافے سے متوقع طورپرانسان کی عمر 22 منٹ تک کم ہو جاتی ہے۔

اس کے علاوہ وہ شخص فالج، دل کی مختلف بیماریوں، اور کینسر وغیرہ کا شکار ہو جاتا ہے۔

برطانیہ میں ہونے والی ایک اور تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ڈیجیٹل اسکرین  (لیپ ٹاپ، ٹی وی، سیل فون وغیرہ) پر مسلسل 2 گھنٹے گزارنےسے فالج کا امکان نمایاں طور پر زیادہ ہوتا ہے۔

دو گھنٹے سے زائد اسکرین ٹائم اور نشے کی حالت میں، فالج کا امکان 20فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔ 

اسی طرح، زیادہ بیٹھے رہنے والے طرز زندگی سےبھی فالج کےامکانات میں اضافہ ہوجاتا ہے۔

کورونا وباء نے انسان کو ایک ایسی صورتحال میں دھکیل دیا ہے جہاں زیادہ تر کام کرنے والے بالغ افراد، بچےاور ماہرین تعلیم کو طویل گھنٹوں تک اسکرین کے ساتھ وقت گزارنا پڑتا ہے۔ 

یہ وہ وقت ہےجب ہمیں اپنی صحت کے بارے میں بہت زیادہ محتاط رہنا چاہیے۔ 

اسکرین سے نکلنے والی نیلی روشنی میلاٹونن ہارمون کی پیداوار کو کم کرتی ہے، جس کی وجہ سے وقت پر سونا اور جاگنا مشکل ہو جاتا ہے۔

جبکہ ذیابیطس والے شخص کے فالج کا شکار ہونے کا امکان دوگنا ہوتا ہے، کیونکہ خراب خون کی شریانیں اسکیمک اسٹروک کا باعث بنتی ہیں جوکہ خون کے جمنے سے دماغ تک شریان کو بلاک کرنے یا سکڑنے سے ہوتا ہے۔

احتیاطی تدابیر

کام سے بار بار وقفے لے کر، باقاعدگی سے ورزش کرنے اور زیادہ فعال طرز زندگی اپنانے سے اور اپنے اسکرین ٹائم کو کم کرنے سے فالج کے خطرے کو نمایاں طور پر کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ 

اس کے علاوہ صبح کی سیر یا شام کی سیر کے لیے بھی مفید ہوسکتی ہے، یا بہتر صحت کے لیے یوگا بھی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔


تازہ ترین