• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کے اپوزیشن قائدین سے رابطے بحال

مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے ایک مرتبہ پھر اپوزیشن قائدین سے رابطے کرکے پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی متحدہ کاوشوں کو سراہا اور تعاون پر شکریہ ادا کیا ہے۔

شہبازشریف نے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے علاوہ قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپاؤ اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔

نون لیگ کے صدر نے اے این پی کے مرکزی رہنما امیر حیدر ہوتی، شفیق ترین اور بلوچستان پارٹی کے ڈاکٹر عبداالمالک بلوچ ، محسن داوڑ اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے بھی ٹیلی فون پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

شہبازشریف نے پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی متحدہ کاوشوں کو سراہا اور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے قومی اور عوامی مفاد میں بے مثال اتحاد اور یک جہتی کا مظاہرہ کیا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اور حکومت کی اتحادی جماعتوں کے اصولی موقف نے حکومت کو پسپائی پر مجبور کیا اورحکومتی بدنیتی اور کالے قوانین کے خلاف اپوزیشن اتحاد آئندہ مشترکہ اجلاس میں بھی اسی قوت سے بروئے کار آئے گا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئین، عوام اور پارلیمنٹ کے خلاف ہر حکومتی اقدام کے سامنے اپوزیشن اتحاد کھڑا ہوگا۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ اپوزیشن اور حکومت کے اتحادیوں میں رابطے بحال ہوگئے ہیں ،متحدہ اپوزیشن اور حکومت کی اتحادی جماعتیں حکومتی قانون سازی کےخلاف ایک پیج پر آگئی ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ ای وی ایم اور انتخابی اصلاحات پرحکومتی اتحادیوں اور اپوزیشن میں مسلسل رابطے ہیں،متحدہ اپوزیشن اورحکومت کی اتحادی جماعتوں کےقائدین کے درمیان تجاویز پر بھی مشاورت ہوئی ہے۔

تازہ ترین