• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محبت کی شادی کرنے والا لاڑکانہ کا نوجوان کراچی میں قتل، نوبیاہتا لڑکی سمیت 3 زخمی


کراچی میں شاہراہ فیصل پر کار پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ مقتول کی نوبیاہتا بیوی سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ایسٹ قمر رضا جسکانی کے مطابق پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 میں شاہراہ فیصل پر نرسری بس اسٹاپ کے قریب ایک کار پر فائرنگ کے نتیجے میں 25 سالہ وسیم اعجاز جاں بحق جب کہ اس کی نوبیاہتا بیوی کوثر، ساتھی سید منیر شاہ اور قدیر شاہ زخمی ہوگئے۔

ایس ایس پی کے مطابق مقتول وسیم اعجاز لاڑکانہ سے تعلق رکھتا تھا جس نے کچھ عرصہ قبل اسی علاقے میں کوثر نامی لڑکی سے پسند کی شادی کی تھی۔

پولیس کے مطابق مذکورہ افراد سٹی کورٹ کراچی سے اپنے عارضی رہائشی علاقے اسٹیل ٹاؤن جارہے تھے کہ مصروف ترین شاہراہ فیصل پر ملزمان نے انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا۔

پولیس کے مطابق زخمیوں نے ابتدائی بیان میں فائرنگ کرنے والوں میں سے زخمی کوثر کے بھائیوں اور والد کو شناخت کیا ہے۔

پولیس کا شبہ ہے کہ ملزمان نے پسند کی شادی کی رنجش کی بنا پر انہیں نشانہ بنایا ہے۔

تازہ ترین