راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے)لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد امیر بھٹی سے ہائیکورٹ بار راولپنڈی کے وفد نے صدر سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ کی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد میں سیکرٹری جنرل شاہد علی شہزاد بھٹی اور ایڈیشنل سیکرٹری روحما قریشی شامل تھے۔ اس موقع پر چیف جسٹس محمد امیر بھٹی نے کہا کہ وکلاء کے لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں داخلے کیلئے فوجی فاونڈیشن جی ٹی روڈ سے نئے پل ، دو رویہ سڑک اور وکلا کی پارکنگ کا مسئلہ حل کرنے کے لئے پارکنگ پلازہ کی تعمیر کا پی سی ون تیار کر لیا گیا ہے جلد ہی اس پر کام شروع کیا جائے گا تاکہ وکلا بغیر کسی رکاوٹ کے جلد عدالت اور بار میں پہنچ سکیں اور اپنی گاڑیاں بھی آسانی سے پارک کر سکیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ وہ لائرز ہاسپٹل کی تعمیر کیلئے بھی ہائیکورٹ بار راولپنڈی سے تعاون کریں گے۔