کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوششیں رنگ لے آئیں، ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے بعد پاکستان کو2025 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی مل گئی۔ عالمی ستاروں کا عظیم میلہ پروگرام کے مطابق فروری 2025میں سجایا جائیگا۔ ٹورنامنٹ میں 8 ٹیموں کے مابین کُل 15 میچز تین مقامات پر کھیلے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میچ کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں ہوں گے۔ پنڈی میں میچ کرانے کا انحصار موسم پر ہوگا۔ پاکستان نے یہ ٹورنامنٹ2017میں اوول میں بھارت کو ہراکر جیتا تھا۔ پاکستان نے25سال پہلے آخری بارآئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کی تھی، اب29سال بعد پاکستان میں کوئی آئی سی سی ایونٹ ہوگا۔ پی سی بی چیئرمین رمیز راجا نے کہا ہے کہ ایونٹ کے کامیاب انعقاد سے دنیا کو بتائیں گے کہ ہم کرکٹ سے کتنی محبت کرتے ہیں۔ دنیا کو باور کروائیں گے کہ ہم کتنے عظیم میزبان ہیں۔ یہ ایونٹ پاکستانی شائقین کرکٹ کے لیے اعزاز سے کم نہیں ، اب آئی سی سی کی توقعات اور مقررہ معیار کے مطابق ایونٹ کے کامیاب انعقاد کی منصوبہ بندی کرنی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان 1996میں بھارت اور سری لنکا کے ساتھ ورلڈکپ کا مشترکہ میزبان تھا۔ آئی سی سی نے مستقبل کے بڑے ٹورنامنٹس اور ان کی میزبانی کا اعلان کیا ہے۔ 2031تک 8 بڑے ایونٹس کی میزبانی 12 مختلف ممالک کریں گے۔ آئی سی سی نے چیمپئنزٹرافی کے دوبارہ انعقاد کا باقاعدہ اعلان بھی کیا ہے۔2008 کی چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہونا تھی مگر حالات کی وجہ سے جنوبی افریقا منتقل ہوگئی تھی۔2011 کے ورلڈ کپ میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا کے ساتھ مشترکہ میزبان تھا، کشیدہ حالات کی وجہ سے پاکستان کو میزبانی کا معاوضہ ملا لیکن میچ دیگر تین ملکوں میں منتقل کردیے گئے تھے۔ آئی سی سی کے اعلان کے مطابق بھارت 2024 سے 2031 کے دوران تین آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کرے گا۔ 2024کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ امریکا اور ویسٹ انڈیز جبکہ2026 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی بھارت اور سری لنکا میں ہوگا۔ 2027 میں جنوبی افریقا، زمبابوے، نمیبیا ون ڈے ورلڈ کپ کی میزبانی کریں گے۔2028 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہوگا۔ بھارت 2029 کی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی بھی کرے گا۔ انگلینڈ، آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ 2030 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جبکہ 2031 ون ڈے ورلڈ کپ کے مشترکہ میزبان بھارت اور بنگلا دیش ہونگے۔ واضح رہے کہ پاکستان نے متحدہ عرب امارات اور بنگلہ دیش کے ساتھ پچاس اوورز کے ورلڈ کپ کی میزبانی کی بھی درخواست دی تھی۔