لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام متحد ہو کر اسٹیٹس کو کو چیلنج کریں۔ ظالم اشرافیہ سے نجات کے لئے پُرامن جمہوری جدوجہد وقت کا تقاضا ہے۔پی ٹی آئی، پی ڈی ایم اور پی پی ایک ہی سکے کے مختلف رخ ہیں۔ ابھی سے ہی الیکشن میں دھاندلی کے منصوبے بنائے جا رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کی الیکشن ریفارمز قابل قبول نہیں۔ اصلاحات کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کا اتفاق ضروری ہے۔ آئندہ الیکشن شفاف نہ ہوئے، تو سیاسی بحران خطرناک صور ت حال اختیار کر جائے گا۔ عوام کو مسلسل دھوکا دیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا موجودہ اور سابقہ حکمرانوں کی پالیسیوں میں رتی برابر فرق نہیں۔ اپنے مفادات کی خاطر لڑائی جا ری ہے، عوام کی کسی کو پرواہ نہیں۔ پی ٹی آئی بڑے قومی اداروں اور میڈیا پر کنٹرول چاہتی ہے۔