شیخوپورہ،لاہور( نمائندہ جنگ) شیخوپورہ کے علاقے سریانوالہ جیتہ باڑیاں روڈ پر ریلوے کے کھلے پھاٹک پر ٹرین کی اسکول وین کو ٹکر سے 3 طالبات جاں بحق جبکہ 9زخمی ہوگئیں ،حادثہ وین ڈرائیور کی تیز رفتاری اور حماقت کی بنا پر پیش آیا ،اسکول وین عارضی کراسنگ سے گزر رہی تھی کہ ریلوے ٹریک پر پھنس گئی، اس دوران دوسری طرف راوی ایکسپریس آگئی۔جاں بحق ہونے والوں میں مصباح دختر خادم حسین اورنورین دختر ارشد جبکہ زخمیوں میں فاطمہ دختر افتخار ،زینب دختر اعجاز ،مہک دختر عبدالحمید ،ردا دختر ارشد ،ایمان دختر یاسین ،عائشہ دختر ارشد ،ارمان دختر رفیق اورماہ نوردختر الطاف شامل ہیں۔ریلوے ذرائع کے مطابق ناخوشگوار حادثہ صبح 7 بجکر 45 منٹ پر پیش آیا ۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکاروں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردیں،10 طالبات کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا جہاں ایک زخمی طالبہ دم توڑ گئی،ریلوے حکام کا کہنا تھاکہ اس روٹ پر 2 سال بعد ٹرین سروس بحال ہوئی ہے،مقامی افراد نے بتایا کہ وین کا یہ حادثہ پھاٹک نہ ہونے کی وجہ سے پیش آیا، وین کا ڈرائیور جائے حادثہ سے فرار ہوگیا ۔