• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ پشاور میں ہراسانی واقعات کے خلاف آئی جے ٹی کی احتجاجی ریلی

پشاور (خصوصی نامہ نگار) اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ پشاور نے طلباء و طالبات کی ہراسانی کے بڑھتے ہوئے واقعات، امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتحال، منشیات کے استعمال اور یونیورسٹی بلڈنگز کے غیر اخلاقی سرگرمیوں کے لئے استعمال کے خلاف اکیڈمک بلاک سے خیبر میڈیکل کالج پشاور تک احتجاجی ریلی نکالی جس کی قیادت ناظم اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ محمد اسفندیار نے کی۔ ریلی میں بڑی تعداد میں طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ریلی کے شرکاء نے ہراسانی نامنظور اور طلبہ کو تحفظ دوکے نعرے لگائے۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے محمد اسفندیار نے کہا کہ گذشتہ ایک عرصہ سے یونیورسٹی کیمپس پشاور میں گاڑیوں میں آنے والے آؤٹ سائیڈرز کی وجہ سے طلباء وطالبات کو ہراسانی کاسامنا کرنا پڑرہا ہے، کیمپس کے مختلف تعلیمی بلاکس اور ہاسٹل میں منشیات کا استعمال بڑھ گیا ہے،گداگروں نے یونیورسٹی میں طلبہ کا جینا حرام کردیا ہے،یونیورسٹی کی مختلف عمارتوں کو ماڈلنگ اور نازیبا ویڈیوز بنانے کے لئے استعمال کیا جارہا ہے۔انہوں نے انتظامیہ اور پولیس سے مطالبہ کیا کہ ہراسانی کے واقعات کی روک تھام، منشیات کی سپلائی اور استعمال روکنے، کیمپس کو گداگروں سے پاک کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ مطالبات کی عدم منظوری کی صورت میں اسلامی جمعیت طلبہ گورنر ہاؤس کے سامنے دھرنا دیگی۔بعدازاں جمعیت کے وفد نے انتظامیہ سے مذاکرات کئے جس میں انتظامیہ کی جانب سے چیف پراکٹر ڈاکٹر ندیم اعظم، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ایمل خان، ڈی ایس پی نیاز محمد شریک ہوئے۔انتظامیہ نے آؤٹ سائیڈرز، گداگروں، منشیات سپلائزر اور استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی۔، انتظامیہ نے اکیڈمک بلاک میں نازیبا ویڈیوز بنانے والوں کے خلاف یونیورسٹی ڈسپلنری ایکشن لینے کا وعدہ کیا۔
تازہ ترین